(علی اکبر) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہاہے کہ مریم نواز کی سیاست پارٹی قیادت پر قبضہ کرنے کی ہے، مریم نواز حکومت نہیں اپنے چچا شہباز شریف کے خلاف تحریک چلا رہی ہیں، بلاول بھٹو اور شہباز شریف مل کر بھی ایک شادی ہال میں جلسہ نہیں کر سکتے ،شراب لائسنس اجراکیس انتہائی کمزور ہے،وزیراعلیٰ کے عہدے کی تضحیک کی گئی۔
فواد چوہدری نےمسلم لیگ ن کی اندرونی سیاست پر لب کشائی کی، کہتے ہیں مسلم لیگ ن کے اندر پارٹی قیادت پر قبضے کی لڑائی چل رہی ہے ،شہباز شریف اورمریم کیمپ آمنے سامنے ہیں۔ فواد چودھری نے کہاکہ اپوزیشن کے پاس اس وقت کوئی سیاسی رول نہیں ہے،بلاول بھٹو اور شہباز شریف سیاسی طورپر اس قدر کمزور ہیں کہ دونوں مل کر بھی ایک شادی ہال میں جلسہ نہیں کر سکتے، جس پیپلز پارٹی کو ہم جانتے ہیں وہ کبھی چاروں صوبوں کی زنجیر ہوا کرتی تھی۔
آج حالت یہ ہے کہ آصف زرداری کو اپنے پیشی پر راولپنڈی میں لوگ نہیں مل رہے۔ فواد چوہدری نے کہاکہ شراب لائسنس کیس انتہائی کمزور ہے، عثمان بزدار کو بلا کر وزیراعلیٰ کے عہدے کی تضحیک کی گئی ہے،وزیراعلیٰ کے عہدے کی اس طرح تضحیک نہیں کرنی چاہئے ،اداروں کو مضبوط کرنا چاہئے، وزیراعلیٰ آفس بھی ایک ادارہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتحادی جو کر رہے ہیں وہ بلیک میلنگ کی سیاست نہیں،چودھری پرویز الہٰی پرانے سیاستدان ہیں، اپنی سیاست کرتے ہیں، وہ اس لئے پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں کہ اس اتحاد میں ان کا بھی سیاسی فائدہ ہے۔