( راؤ دلشاد حسین ) لاہور میوزیم میں یوم آزادی کی مناسبت سے جاری نمائش کا چوتھا روز، شائقین کی تاریخی نوادرات اور تحریک پاکستان کے ہیروز کی نایاب تصاویر میں دیکھنے میں خاصی دلچسپی، چھٹی کے روز ایک ہزار سے زائد شائقین کی لاہور میوزیم آمد ہوئی۔
کورونا وبا کے بعد پہلی چھٹی کے روز لاہور میوزیم میں شائقین کی بڑی تعداد اُمڈ آئی، ایک ہزار سے زائد شہریوں نے میوزیم کی سیر کی تاہم یوم آزادی کی مناسبت سے سجی تحریک پاکستان کے ہیروز کی نایاب تصاویر میں شائقین نے خاصی دلچسپی لی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ میوزیم میں تاریخ کا انمول خزانہ موجود ہے جبکہ تاریخی نوادرات اور نمائش سے خاصی معلومات ملی ہیں۔
ترجمان لاہور میوزیم عاصم رضوان کہتے ہیں تحریک آزادی کے ہیروز کی تصویری نمائش ماہ اگست میں جاری رہے گی۔ تصویری نمائش میں تحریک پاکستان کے تمام کرداروں کی نایاب کولیکشن رکھی گئی۔
نمائش میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح، مادرملت فاطمہ جناح، نواب لیاقت علی خان، سر سید احمد خان، شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال، چودھری رحمت علی سمیت تحریک پاکستان کے ہیروز اور خواتین کی نایاب تصاویر نمائش کےلیے پیش کی گئیں۔
لاہور میوزیم شہریوں کےلیے تاریخی نوادرات کے ساتھ ساتھ تحریک پاکستان کے کرداروں کی نایاب تصاویر بھی نمائش کےلیے رکھی گئیں جو ہر کسی کو اپنے سحر میں مبتلا کرتی رہیں۔