مایہ ناز ڈاکٹر فیصل مسعود انتقال کرگئے

16 Aug, 2019 | 06:36 PM

Arslan Sheikh
Read more!

( زاہد چودھری ) شعبہ طب کادرخشاں ستارہ ڈوب گیا، پروفیسرڈاکٹرفیصل مسعود حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔ شعبہ طب میں ناقابل فراموش خدمات سر انجام دیں، میڈیکل پروفیشن بہترین استاد، معالج اور طبی محقق سے محروم ہوگیا۔

نامور فزیشن پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔ پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود کو فیصل ٹاؤن میں واقع گھر میں دل کا دورہ پڑنے پر انہیں فوری طور پر اقراء میڈیکل کمپلیکس لے جایا گیا لیکن جانبر نہ ہوسکے۔ پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود 16 اکتوبر 1954 کو گجرات میں کشمیری گھرانے میں پیدا ہوئے ان کے آباؤ اجداد کا تعلق مقبوضہ کشمیر کے علاقہ شوپیاں سے تھا۔ 1978 میں نشتر میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس اور رائل کالج آف ایڈنبرا سے فیلوشپ کی۔

1982 میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر آف میڈیسن کیریئر کا آغاز کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود نے پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، وی سی یو ایچ ایس کے طور پر خدمات سرانجام دیں اور ان دنوں ڈی جی پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی خدمات سر انجام دے رہے تھے۔

 پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود نے ڈینگی کی روک تھام اور پی آئی سی کے مریضوں میں دوا کے ری ایکشن کا سراغ لگانے سمیت طبی تحقیق اور علاج معالجے کی فراہمی کے حوالے سے گراں قدر خدمات سرانجام دیں جس پر حکومت نے سال 2012 میں پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود کو تمغہ امتیاز سے نوازا۔ پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود کے شاگردوں کی بڑی تعداد اندرون اور بیرون ملک شعبہ طب میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود کی ناگہانی وفات سے شعبہ طب سوگوار

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سمیت سابق اور موجودہ وزرا صحت اور ڈاکٹرز نے پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود کو خراج تحسین پیش کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود کی ناگہانی موت نے شعبہ طب کو ایک شفیق اور نامور معالج سے محروم کردیا۔ سینئر پروفیسرز سمیت ڈاکٹرز کی بڑی تعداد پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود کے انتقال کی اطلاع ملنے پر ان کی رہائش گاہ پہنچ گئی۔

 وزیراعلٰی پنجاب سمیت سابق اور موجودہ وزرا صحت، سینئر پروفیسرز اور ڈاکٹرز نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود کی وفات پر گہرے دکھ اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

سابق وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود کی خدمات کو ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود میڈٰیکل پروفیشن کا تابندہ ستارہ تھے ۔

پرنسپل پی جی ایم آئی و جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فرید ظفر نے کہا کہ ڈاکٹر فیصل مسعود کی وفات سے شعبہ طب ایک عظیم استاد، معالج اور طبی محقق سے محروم ہوگیا۔

ایم ایس پی آئی سی ڈاکٹر محمد امیر، سابق ڈی جی ہیلتھ داکٹر زاہد پرویز اور پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر اشرف نظامی سمیت شعبہ طب کی نمایاں شخصیات نے پروفیسر ڈاکٹر فیصل مسعود کو ان کی گرانقدر خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

مزیدخبریں