سٹی42: علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایک چینی باشندہ ژوہاؤ ین کو جعلی ٹکٹ کے ذریعے بریفنگ ایریا میں داخل ہونے پر گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق چینی شہری اپنے والدین کو پروٹوکول دینے کے لیے غیر قانونی طور پر ائیرپورٹ کے حساس حصے میں داخل ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی باشندے کے والدین لاہور سے جدہ روانہ ہو رہے تھے اور وہ انہیں رخصت کرنے بریفنگ ایریا تک ساتھ جانا چاہتا تھا جس کے لیے اس نے جعلی ٹکٹ کا سہارا لیا۔
ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (ASF) کے انسپکٹر سجاد حسین نے مشکوک سرگرمی پر چینی باشندے کو روکا، پوچھ گچھ کے دوران جعلی ٹکٹ کا انکشاف ہوا جس کے بعد اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس نے ASF حکام کی مدعیت میں چینی شہری کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے حراست میں لے لیا۔
ائیرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے چیکنگ مزید سخت کر دی جائے گی۔