ویب ڈیسک: پی ایس ایل کے اپنے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز سے شکست کے بعد کراچی کنگز کے وائس کپتان حسن علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر میں نے ‘کنگ کرلے گا’ والا بیان دے کر کوئی بڑی غلطی کی ہے تو معذرت چاہتا ہوں۔
حسن علی نے کہا ہے کہ اس بات پر بیٹھ کر گفتگو کریں گے کہ ایک میچ میں ہم نے بالکل آؤٹ کلاس کردیا تھا لیکن دوسرے میچ میں ہماری بیٹنگ لائن اپ ٹھیک نہیں ہوئی، باقی میچوں میں یہ غلطی دوبارہ نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر پرفارمنس دیں گے تو کھیلیں گے، ابھی ہم جوان ہیں، ٹی ٹونئٹی میچز میں بہترین باولر رہا ہوں، میں تو یہی سوچ کر پریکٹس کرتا ہوں کہ کم بیک کرنا ہے، باقی قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی پر ہے کہ وہ کیا سوچتی ہے۔
حسن علی نے کہا کہ ایسی بات نہیں ہے کہ ہم صرف غیرملکی کھلاڑیوں پر ہی دارومدار رکھیں، خوشدل نے پچھلے میچ میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، لیکن کھلاڑیوں میں پارٹنرشپ نہیں بن سکی۔
ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں کیریئر اور عمر کے اس حصے پر ہوں کہ کوئی بھی چیز مجھے دکھ نہیں دیتی، بابر اعظم کو ہم نے کنگ بنایا ہوا ہے اور ہم لوگ ہی اس کے پیچھے ہیں، اگر میں نے ‘کنگ کرلے گا’ والا بیان دے کر کوئی بہت بڑی غلطی کی ہے تو معذرت چاہتا ہوں لیکن میرا موقف وہی ہے کہ بابر اعظم بہترین تھا، بہترین ہیں اور اس مشکل وقت سے بھی باہر نکل آئے گا۔
حسن علی نے کہا کہ ابھی ٹورنمنٹ کی شروعات ہیں، ہم دیکھ رہے ہیں کہ بہترین ٹیم کیسے بن سکتی ہے، اگر ہمیں مڈل آرڈر میں ایک اسپینر کی ضرورت پڑی تو ہم یقیناً محمد نبی کے بارے میں سوچیں گے۔