اویس کیانی: ملک بھر میں بجلی کے صارفین کے لیے خوشخبری، عوام کو بجلی کی قیمتوں میں 51 ارب روپے سے زائد ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈسکوز کی جانب سے 51 ارب 49 کروڑ 30 لاکھ روپے کے ریلیف کی درخواست نیپرا میں جمع کرائی گئی ہے۔ یہ درخواست رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ (جنوری تا مارچ 2025) کے تحت جمع کروائی گئی ہے، جس کا اطلاق کراچی سمیت پورے ملک پر ہوگا۔
نیپرا کی جانب سے اس درخواست پر 29 اپریل 2025 کو سماعت کی جائے گی۔
درخواست میں شامل اہم نکات میں کیپیسٹی چارجز کی مد میں 47 ارب 12 کروڑ 40 لاکھ روپے کی کمی ، ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن نقصانات میں 2 ارب 5 کروڑ روپے کمی اور آپریشنز اینڈ میٹیننس کی مد میں 83 کروڑ روپے وصول کرنے کی اجازت مانگی گئی ہے۔ درخواست کا اطلاق K-Electric پر بھی ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ملک بھر کے صارفین کو دوسری سہ ماہی میں 56 ارب 38 کروڑ روپے کا ریلیف دیا گیا تھا جس کا اطلاق اپریل سے جون 2025 تک کے لیے کیا گیا تھا۔