ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ نے فواد چودھری کو 36 مقدمات میں ایک ہفتے تک کی حفاظتی ضمانت کے ساتھ ساتھ ہی ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی اجازت بھی دے دی ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے فواد چودھری کی درخواست پر سماعت کی ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور, ڈی آئی جی کامران عادل ،سمیت دیگر پولیس افسران پیش ہوئے ، فواد چوہدری بھی اپنے وکلاء کے ہمراہ پیش ہوئے جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل غلام سرور نہنگ پیش ہوئے ،عدالتی استفسار پر آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ فواد چودھری کے خلاف چالیس مقدمات ہیں ، جس میں سے تین مقدمات میں دس ڈسچارج جبکہ مزید ایک مقدمہ میں بے گناہ قرار دیا گیا ہے، اب چھتیس مقدمات میں نامزد ہیں ،ہم نے تمام رات کو تمام مقدمات کا ریکارڈ مرتب کیا۔
جسٹس مس عالیہ نیلم نے فواد چودھری کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ ضمانت کی درخواستیں متعلقہ عدالت میں دائر کریں ، آپ اگر ویڈیو لنک پر متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوں گے ، آپ مچلکے سمیت دیگر دستاویزات ان عدالتوں میں جمع کروائیں گے ، احسن بھون ایڈوکیٹ نے کہا بعض مقدمات دور دراز علاقوں کے ہیں وہاں مچلکے جمع ہونے میں مسائل ہوں گے ، جسٹس مس عالیہ نیلم نے احسن بھون سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ مشہور سیاسی شخصیت ہیں اپ کو مچلکوں کا کوئی مسئلہ نہیں ، آپ کے ساتھ تو سب لوگ ہوں گے ، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل غلام سرور نہنگ نے ویڈیو لنک سے پیشی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا یہ حکم پراسیکیوشن کے لیے مشکلات کا سبب بنے گا ، جسٹس مس عالیہ نیلم نے کہا کہ آئندہ چند یوم میں صوبہ بھر کی کورٹس میں ویڈیو لنک پر حاضری شروع ہو جائے گی ، فواد چوہدری کے وکیل نے کہا اس عمل سے وقت کی بچت اور پیشیاں آسان ہوں گی ، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل غلام سرور نہنگ نے کہا اگر فواد چوہدری کو یہ ریلیف ملا تو کل کو قتل اور ڈکیتی کے ملزمان بھی یہ مانگے گا، جسٹس مس عالیہ نیلم نے ریمارکس دئیے ہمارے سامنے جو آئے گا ہم اسے ریلیف دیں گے ،آپ نے اس معاملے کو زیادہ سیاسی بنا دیا ہے ، آئی جی پنجاب ے کہا ابھی تک فواد چوہدری نے ان مقدمات میں عبوری ضمانتیں دائر نہیں کیں ، فاضل جج صاحبہ نے آئی جی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کیا آپ انھیں عبوری ضمانت داہر کرنے کا موقع دیں گے ، آئی جی پنجاب نے جواب دیا جی ہم انھیں موقع دیں گے ، جسٹس مس عالیہ نیلم نے کہا ضمانت دائر کرنے کے لیے ایک ہفتہ کا ٹائم دیتے ہیں ، دو رکنی بینچ نے فواد چوہدری کو 36 مقدمات میں ایک ہفتے کی حفاظتی ضمانت دے دی ،دو رکنی بنچ نے کیس مزید سماعت کے لئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوادیا۔