ویب ڈیسک: ستمبر 2023 میں ایلون مسک نے عندیہ دیا تھا کہ تمام صارفین کو ایکس کے استعمال پر ماہانہ فیس ادا کرنا ہوگی۔
اس کے بعد اکتوبر 2023 میں نیوزی لینڈ اور فلپائن میں ایک نئے سبسکرپشن پروگرام کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نئے اکاؤنٹ بنانے والے افراد کو اپنے فون نمبر کی تصدیق کرنا ہوتی ہے، جبکہ پوسٹ، لائیک، ریپلائی، ری پوسٹ اور بک مارکس جیسے فیچرز استعمال کرنے کے لیے سالانہ ایک ڈالر فیس ادا کرنا ہوتی ہے۔اب ایسا لگتا ہے کہ ایلون مسک کی زیر ملکیت پلیٹ فارم اس پروگرام کو دنیا بھر میں توسیع دینے جا رہی ہے۔یعنی ایکس کے نئے صارفین کو بنیادی فیچرز استعمال کرنے کے لیے فیس ادا کرنا ہوگی۔
ایلون مسک نے خود اس کا عندیہ ایک ایکس پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے دیا۔اس پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ ایکس کی جانب سے دنیا بھر میں نئے صارفین سے پوسٹ، لائیک، بک مارک اور ریپلائی جیسے فیچرز استعمال کرنے کے لیے معمولی فیس لی جائے گی۔ایلون مسک نے اس پوسٹ پر ریپلائی کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایکس میں بوٹس کی روک تھام کا واحد راستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس بوٹس اور اسپام صارفین بوٹس کی شناخت میں مدد دینے والے طریقوں سے آسانی سے بچ سکتے ہیں۔
انہوں نے یہ تو نہیں بتایا کہ فیس کتنی ہوگی مگر نیوزی لینڈ اور فلپائن میں ناٹ اے بوٹ نامی پروگرام کے صارفین سے سالانہ ایک ڈالر لیے جا رہے ہیں۔
نئے صارفین سے فیس لینے کا عندیہ دینے سے قبل ایلون مسک نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ اسپام بوٹس کے ذمہ دار افراد پر قوانین کا پوری طاقت سے اطلاق کیا جائے گا۔
اکتوبر 2023 میں اس پروگرام کو متعارف کراتے ہوئے کمپنی نے کہا تھا کہ جو صارف سبسکرپشن پروگرام کا حصہ نہیں بنیں گے وہ اس پلیٹ فارم پر پوسٹس پڑھ سکیں گے، ویڈیوز دیکھ سکیں گے اور اکاؤنٹس فالو کر سکیں گے، مگر پوسٹ یا لائیک نہیں کر سکیں گے۔
یہ واضح نہیں کہ ایکس کی جانب سے دنیا بھر میں نئے صارفین سے فیس کا حصول کا پروگرام کب تک متعارف کرایا جائے گا۔