فیض آباد دھرنا کمیشن ،فیض حمید اور ڈی جی رینجرزپنجاب کو کلین چٹ مل گئی

16 Apr, 2024 | 11:18 AM

 (ویب ڈیسک)فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کو کلین چٹ دیدی۔کمیشن نے دھرنے کی ذمہ داری اس وقت کی پنجاب حکومت پر عائد کر دی ،کمیشن کسی ادارے یا ریاستی اہلکار کا تحریک لبیک کے دھرنے کو منظم کرنا ثابت نہیں کرسکا۔فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن کے مطابق معاہدے پر فیض حمید کے دستخط سے اس وقت کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے اتفاق کیا تھا۔کمیشن نے رینجرز اور ایف سی کو واپس سرحدوں پر بھیجنے کی سفارش کی ہے۔

 انکوائری کمیشن نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں احتجاج اور مظاہروں سے نمٹنے کیلئےایک مشترکہ مخصوص فورس قائم کرنے کی بھی سفارش کی ،کمیشن دھرنے سے کسی ادارے یا ریاستی اہلکار کا تحریک لبیک کے دھرنے کو منظم کرنا ثابت نہیں کرسکا،کمیشن نے ملک میں انٹیلی جینس اداروں کے بارے میں قانون سازی کی سفارش بھی کی ہے۔

 فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن  نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر)  فیض حمید کو کلین چٹ دے دی۔ذرائع کے مطابق فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن کی رپورٹ 149 صفحات پر مشتمل ہے۔

 سپریم کورٹ کے احکامات پر 3 رکنی انکوائری کمیشن سابق آئی جی سید اخترعلی شاہ کی صدارت میں  قائم  تھا، سابق آئی جی طاہر عالم اور پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے سینئر افسر خوشحال خان کمیشن کے ارکان تھے۔ذرائع کے مطابق انکوائری کمیشن نے تحریک لبیک کے فیض آباد دھرنے سے جڑے محرکات کا جائزہ لے کر سفارشات تیار کیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں اسلام آباد پولیس، وزارت داخلہ، پنجاب حکومت، آئی ایس آئی اور آئی بی پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے جبکہ  رپورٹ میں سابق وزیرقانون زاہد حامد سے متعلق معاملات کی تفصیلات بھی درج ہیں۔

 ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا کہ فیض حمید نے بطور میجر جنرل ڈی جی (سی)  آئی ایس آئی معاہدے پر دستخط کرنے تھے،  اس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی اور آرمی چیف نے فیض حمید کو معاہدے کی اجازت دی تھی۔فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن کے مطابق فیض حمید کے دستخط پر وزیراعظم شاہد خاقان، وزیرداخلہ احسن اقبال نے بھی اتفاق کیا تھا۔

 رپورٹ میں کمیشن نے نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عملدر آمد یقینی بنانے پر زوردیا اور کہا کہ پولیس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم میں کمزوریوں کا بھی احاطہ کیا جائے۔

 رپورٹ میں کہا گیا کہ پالیسی سازوں کو فیض آباد دھرنے سے سبق سیکھنا ہوگا، حکومتی پالیسی میں خامیوں کی وجہ سے فیض آباد دھرنے جیسے واقعات کو ہوا ملتی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ  پنجاب حکومت نے ٹی ایل پی مارچ کو لاہور میں روکنے کے بجائے اسلام آباد جانے کی اجازت دی، جڑواں شہروں کی پولیس میں رابطے کے فقدان کی وجہ سے ہلاکتیں ہوئیں، سیکڑوں افراد زخمی ہوئے۔

 فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت نے مظاہرین کی قیادت تک رسائی کے لیے آئی ایس آئی کی خدمات حاصل کیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 25 نومبر 2017 کو ایجنسی کے تعاون سے معاہدہ ہوا جس پر مظاہرین منتشر ہوگئے، دھرنے کے دوران فوجی افسروں، نوازشریف اور وزرا کو سوشل میڈیا پر دھمکیاں دی گئیں،  سوشل میڈیا پروپیگنڈے کے خلاف حکومت نے ایکشن لینے میں کوتاہی برتی۔

 رپورٹ میں کہا گیا کہ فیض آباد دھرنے کے دوران شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب تھے، اس وقت کی ملکی قیادت نے کسی ادارے یا اہلکار کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا،  سویلین معاملے میں فوج یا ایجنسی کی مداخلت سے ادارے کی ساکھ شدید متاثر ہوتی ہے،  فوج کو تنقید سے بچنے کے لیے عوامی معاملات میں ملوث نہیں ہونا چاہیے،  عوامی معاملات کی ہینڈلنگ آئی بی اور سول ایڈمنسٹریشن کی ذمہ داری ہے۔

 رپورٹ کے مطابق حکومت پنجاب غافل اور کمزور رہی جس کے باعث خون خرابہ ہوا، عقیدے کی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کیلئے امن کواسٹریٹجک مقصد بنانا ہوگا، ریاست آئین، انسانی حقوق،جمہوریت اور قانون کی حکمرانی پر سمجھوتہ نہ کرے۔

 کمیشن نے تجویز دی کہ  اسلام آباد تعیناتی سے قبل پولیس افسران کو دشوار علاقوں میں تعینات کیا جائے،  امن عامہ حکومت کی ذمہ داری ہے،دیگر شعبوں کو مداخلت سے گریز کرنا چاہیے،  پرتشدد انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے زیرو ٹالرینس پالیسی لازمی ہے۔

 واضح رہے 2017 میں پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف تھے، رپورٹ میں کہا گیا کہ پنجاب حکومت نے ووٹ بینک بچانے کیلئےمظاہرین کیخلاف کارروائی نہ کی جو قابل تعریف نہیں،رپورٹ میں ذمہ داری سے انحراف اور مس کنڈکٹ پرقصورواروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا، کمیشن نے سفارش کی کہ رینجرز اور ایف سی کو واپس سرحدوں پر بھیجا جائے اور انہیں شہری علاقوں میں آنے سے روکا جائے ۔

مزیدخبریں