پاک زمبابوے سیریز، پاکستانی کرکٹ ٹیم کی تیاریاں جاری

16 Apr, 2021 | 12:37 PM

Sughra Afzal

(سٹی 42) قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ زمبابوے، ٹیسٹ سیریز کیلئے  قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا قذافی اسٹیڈیم میں تربیتی کیمپ جاری، ٹیسٹ اوپنرز عمران بٹ اور عابد علی نے  ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کردیا۔

 تفصیلات کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز 21 اپریل سے شروع ہونگی، تین ٹی20 میچز کی سیریز کا پہلا میچ 21 اپریل، دوسرا 23 اپریل اور تیسرا میچ 25 اپریل کو کھیلا جائے گا، دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 29 اپریل اور دوسرا ٹیسٹ 7 مئی کو شروع ہوگا۔

قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا قذافی اسٹیڈیم میں تربیتی کیمپ جاری ہے، ٹیسٹ اوپنرز عمران بٹ اور عابد علی نے زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار  کیا ہے۔

 تربیتی کیمپ کے دوران عابد علی اورعمران بٹ کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے سے اعتماد ملا، زمبابوے کے خلاف کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔

عابد علی کا کہنا تھا کہ تربیتی  کیمپ بہت اچھا جا رہا ہے، این ایچ پی سی کے کوچز بہت مدد کر رہے ہیں، دو روزہ پریکٹس میچ بھی کھیلا، خود کو کنڈیشنز کا عادی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتی، زمبابوے میں بھی تسلسل برقرار رکھیں گے، ہماری کوشش ہو گی کہ زمبابوے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔

ٹیسٹ اوپنر عمران بٹ کا کہنا تھا کہ زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاری اچھی جا رہی ہے، باؤلرز اور بلے باز کیمپ میں خوب محنت کر رہے ہیں، دورے کی ضرورت کے مطابق کھلاڑی انفرادی طور پر بھی کوچز کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں