(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے دوٹوک پیغام میں کہا کہ ریاستی رٹ ہرصورت قائم ہوگی، مسلح جتھوں کو ملک کا امن خراب کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دے سکتے، مطالبات کرنا ہر کسی کا حق ہے مگر پُرتشدد احتجاج کی اجازت نہیں دے سکتے اور نہ ہی پُر تشدد احتجاج کر کے ریاست کو دباؤ میں لایا جا سکتا ہے، پولیس اور سکیورٹی اداروں نے جس جذبہ کے ساتھ امن قائم کیا وہ قابل تحسین ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وزیرداخلہ شیخ رشید نے ملکی امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میڈیکل کمیشن آن لائن نظام کا افتتاح کردیا، اس موقع پر انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ جمہوریت میرٹ کے نظام پر قائم ہے، جدید نظام سے میڈیکل کالجزکی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی، پی ایم سی آن لائن نظام قائم کرنے پرٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، پی ایم سی آن لائن نظام کا انعقاد بہت بڑی کامیابی ہے ، پاکستان میں ہیلتھ کارڈ کی صورت میں انقلاب آرہا ہے، پنجاب میں سال کے اختتام تک تمام شہریوں کو ہیلتھ کارڈکی سہولت دے دی جائے گی۔
وزیر اعظم عمران خان نے انٹرمیڈیٹ اور انڈر گریجویٹ کیلئے رحمت اللعالمین وظائف پروگرام کا بھی آغاز کردیا، انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وظائف غیر مسلموں سمیت تمام پاکستانیوں کیلئے دستیاب ہونگے، وفاقی حکومت ستر ہزار وظائف کیلئے سالانہ پانچ ارب پچاس کروڑ روپے فراہم کرے گی، پانچ سالہ پروگرام کے دوران طلبا کو 28 ارب روپے کے مجموعی طور پر تین لاکھ پچاس ہزار وظائف دیئے جائیں گے ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومتیں طلبہ کو علیحدہ علیحدہ وظائف فراہم کریگی۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم تری نہیں کر سکتی اور موجودہ حکومت تعلیم کے شعبے پر اس تناظر میں خصوصی توجہ دے رہی ہے کہ ہماری نوجوان نسل حضرت محمدۖ خاتم النبین کے اسوہ حسنہ سے سیکھے، کوئی ملک طاقتور افراد کو قانون کے دائرے میں لائے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔