(اکمل سومرو) پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ نے 50 ہزار سے زائد طلبہ کو گھروں میں سکالرشپس پہنچانے کا فیصلہ کرلیا، بیرون ملک طلبہ بھی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔
پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ نے تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ پیف کا کہنا ہے کہ سکالر شپس کے حامل طلبا و طالبات کو کوئی مالی مشکل نہیں آنے دی جائے گی، پنجاب بینک کے ذریعے سکالرشپس طلبہ تک پہنچانے کا بندوبست کیا ہے۔ پیف انتظامیہ کا کہنا ہے کہ میٹرک تا پی ایچ ڈی سکالر طلبہ کو سکالرشپس پہنچائےجا رہے ہیں۔ پنجاب کے بیرون ملک طلبہ بھی بینک کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ پیف انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پیف انتظامیہ کی ٹیم نے سکالرشپس کے حامل طلبہ کی فہرستیں تیار کر لی ہیں۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس وبا کی وجہ سے سکولوں کی چھٹیوں کے باعث طلباء کو گھر بیٹھے تعلیم دینے کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے تعلیم گھر کیبل چینل شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد اول کلاس سے دہم کلاس کے بچوں کو گھر بیٹھے سیکھنے کے تمام تر مواقع فراہم کرنا ہے۔
سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے " تعلیم گھر " چینل کو یوٹیوب پر بھی لانچ کردیا گیا، اس سے قبل تعلیم گھر چینل صرف لوکل کیبل پر ہی دیکھایا جاسکتا تھا۔ اب طلباء اس چینل کو ویب سائٹ اور یوٹیوب چینل پر بھی دیکھ سکیں گے۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ تعلیم گھر چینل پنجاب بھر کے 36 اضلاع میں دیکھا جاسکتا ہے، تعلیم گھر پر پیش کئے جانے والے اسباق طلباء کسی بھی وقت یوٹیوب سے حاصل کرسکیں گے۔