پی سی بی کے زیر انتظام تمام ٹورنامنٹس رمضان کے بعد تک ملتوی

16 Apr, 2020 | 09:31 PM

Arslan Sheikh

( حافظ شہباز علی ) لاہور سمیت صوبہ بھر میں پی سی بی کی منظوری سے ہونے والے تمام ٹورنامنٹس کے میچز رمضان المبارک کے بعد تک ملتوی کردئیے گئے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکومتی لاک ڈاؤن میں اضافے پر پی سی بی کی طرف سے ہر سطح کی کرکٹ سرگرمیاں معطل رکھنے کے احکامات لاہور سمیت صوبہ بھر میں جاری تمام کلب کرکٹ ٹورنامنٹس رمضان المبارک کے اختتام تک ملتوی کردئیے گئے ہیں۔

لاہور میں اوٹی سی لاہور چیلنج کپ، عامر کیبلز ویٹرنز ٹی ٹونٹی، عبدالحمید پوپا، قوما ٹی ٹونٹی، اتفاق ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے ساتھ ساتھ فیصل آباد میں فیصل آباد چیلنج کپ، اعجاز فاروق ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ اور شیر پنجاب ٹورنامنٹ کے علاوہ راولپنڈی، اوکاڑہ، جھنگ ملتان میں جاری ٹورنامنٹس بھی ملتوی کردئیے گئے ہیں۔

او ٹی سی لاہور چیلنج کپ کے چیئرمین ملک سجاداکبر اور فیصل آباد سے اعجاز فاروق کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے احکامات کی روشنی میں تمام سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔

او ٹی سی لاہور چیلنج کپ اور عامر کیبلز ویٹرنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ انتظامیہ نے میچ آفیشلز کی مشکلات کے پیش نظر ان کے تمام واجبات بھی ادا کردئیے ہیں جس پر لوکل میچ آفیشلز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

دوسری جانب کورونا کے بڑھتے خدشات کے باعث پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 30 جولائی سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریزملتوی ہوتی ہوئی نظر  آرہی ہے۔ 

پی سی بی ذرائع کے مطابق پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز کسی تیسرے ملک میں کھیلنے کی کوئی تجویز نہیں اور سیریز کے ویسٹ انڈیز میں ہونے کے بھی کوئی امکانات یا تجویز نہیں۔ سیریز کے حوالے سے دونوں بورڈز مکمل رابطے میں ہیں اور امکان ہے کہ اگلے ماہ تک سیریز کے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ ہو جائے گا.

مزیدخبریں