اراکین اسمبلی کو بجٹ تجاویز آن لائن جمع کروانے کی ہدایت

16 Apr, 2020 | 07:14 PM

وقار نیازی

علی اکبر: سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کہتے ہیں،  پنجاب اسمبلی کا پری بجٹ اجلاس کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کرنا پڑا ، تاہم اراکین اسمبلی اپنی بجٹ تجاویز آن لائن جمع کروادیں۔
کورونا وائرس سے متعلق آل پارٹیز خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا دوسرا ویڈیو لنک اجلاس سپیکر پنجاب اسمبلی کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، سیکرٹری ہیلتھ کیپٹن (ر) عثمان اور نبیل اعوان نے انسداد کورونا کے حوالے سے اقدامات پر بریف کیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ ،ارکان پنجاب اسمبلی نذیر احمد چوہان، ساجد احمد خان، سید حسن مرتضیٰ، سردار اویس احمد خان لغاری، سمیع اللہ خان، خواجہ سلمان رفیق، امین ذوالقرنین، ملک احمد علی اولکھ اور محمد معاویہ نے شرکت کی اور اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ سپیکر چودھری پرویزالہٰی نے پنجاب میں کورونا وائرس سے بچاؤ اور تدارک کے اقدامات پر ڈاکٹر یاسمین راشد، کیپٹن عثمان اور نبیل اعوان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات کو وزیراعلیٰ پنجاب کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہٰی کی اس کاوش کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے جیل میں کورونا کے حوالے سے انتظامات پر تشویش کا اظہار کیا۔ اویس لغاری نے کہا کہ این 95 ماسک فراہم نہیں کیے جا رہے۔

سمیع اللہ خان نے کہا کہ ن لیگ کے صدر میاں شہبازشریف نے کورونا کے حوالے سے مثبت تجاویز تیار کی ہیں ۔سید حسن مرتضیٰ نے اپنے ضلع چنیوٹ میں صحت مراکز پر ٹیسٹنگ سہولتوں کے فقدان کا ذکر کیا۔ م

حمد معاویہ نے کہا کہ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ لوگ قرنطینہ سنٹر سے بھاگ گئے ہیں۔ ساجد احمد خان، نذیر احمد چوہان اور امین ذوالقرنین نے کہا کہ ایسا سسٹم ہونا چاہئے کہ عوام کے پاس جا کر ان کے ٹیسٹ کیے جائیں۔ احمد علی اولکھ نے کہا کہ بیرون ملک سے آئے لوگوں میں سے ہزاروں لوگ ابھی بھی ٹریس نہیں ہو سکے، ان کا پتہ لگایا جائے۔
 

مزیدخبریں