مستحق افراد امدادی رقم کیلئے بدستور خوار

16 Apr, 2020 | 04:37 PM

Arslan Sheikh

( رضوان نقوی ) مستحق افراد کو امدادی رقم کے حصول میں بدستور مشکلات کا سامنا، کسی کی انگلیوں کے نشان مٹ گئے تو کسی کی بائیومیٹرک تصدیق نہ ہوئی، وزیراعظم احساس پروگرام کے تحت رقم کے حصول کیلئے سینکڑوں شہری خوار ہوگئے۔

کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن سے مزدور طبقہ شدید متاثر ہو ریا ہے، ایسے میں حکومت نے امداد کا اعلان کیا مگر مستحق افراد کے مسائل کم نہ ہوسکے۔

وزیراعظم احساس پروگرام کے تحت رقم لینے والوں میں ایسے لوگ بھی شامل ہیں جنکی انگلیوں کے نشان سخت محنت، بڑھاپے یا جلدی امراض کے باعث مٹ چکے ہیں۔ احساس پروگرام سنٹرز کی قطاروں میں کھڑے ان محنت کشوں کو باری آنے پر بتایا جاتا ہے کہ وہ اہل ہونے کے باوجود فنگرپرنٹ میچ نہ ہونے کے سبب رقم وصول نہیں کرسکتے۔

احساس پروگرام کا عملہ بائیومیٹرک تصدیق کیلئے نادرا سنٹر بھجوا دیتا ہے جبکہ دوسری جانب لاک ڈاؤن کے باعث نادرا کے تمام سنٹرز بند پڑے ہیں۔

شملہ پہاڑی نادرا سنٹر کے باہر دن بھر فنگر پرنٹ کی تصدیق کیلئے محنت کشوں کا تانتا بندھا رہا۔ خواتین کا کہنا تھا کہ محنت مزدوری اور گھریلو کام کاج کے باعث انگلیوں کے نشان مٹ چکے ہیں۔

پہلے سارا دن امدادی رقم کیلئے قطاروں میں کھڑا رکھنے کے بعد نادرا سنٹر بھیج دیا گیا، نادرا سنٹرز تو تیس اپریل تک بند ہیں اب کہاں جائیں۔

نادرا حکام کے مطابق 50 سال سے زائد عمر کے بیشتر افراد، گھریلو کام کاج کرنے والی محنت کش خواتین اور جلدی امراض میں مبتلا افراد کے انگلیوں کے نشان مٹ جاتے ہیں۔ فنگر پرنٹ میچ نہ ہونے کی صورت میں شہریوں کی ڈیٹا بیس میں موجود تصاویر کے ذریعے تصدیق کرلینی چاہیے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت رقم کی ادائیگی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے حکومت کو فی الفور متبادل نظام وضع کرنا چاہیے۔

مزیدخبریں