قذافی بٹ: وزیراعظم نے کاروباری برادری اور چیمبرز سے رابطوں اور مسائل کے حل کا ٹاسک صوبائی وزیرِ صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال کے سپرد کر دیا، وزیراعظم عمران خان کہنا ہے کہ حکومت کو محنت مزدوری کرنے والے طبقے اور سفید پوش افراد پر پڑنے والے منفی اثرات کا بھی مکمل ادراک ہے۔
وزیر اعظم عمران خان سے صوبائی وزیرِ صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کورونا وائرس کی صورتحال کے صنعتی عمل پر اثرات اور حکومت کی جانب سے مختلف صنعتیں کھولے جانے اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
صوبائی وزیرِ صنعت میاں اسلم نے تعمیرات اورکم رسک والی صنعتیں کھولنے کے حکومتی فیصلے کو سراہا اور کاروباری برادری کی جانب سے وزیرِ اعظم عمران خان ن کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے لئے پرعزم ہے۔ مگر اس کے ساتھ ساتھ ہمیں ملک میں غربت اور کاروباری سرگرمیاں بند ہونے سے ملکی معیشت خصوصاً کم آمدنی والے افراد کی مشکلات کا بھی احساس ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے جن صنعتوں کو کھولنے کی اجازت دی ہے ان کے لئے جامع ایس او پیز کا خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کارخانوں میں کام کرنے والے محنت کشوں اور ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیرِ اعظم نے صوبائی وزیرِ صنعت کو ہدایت کی کہ وہ کاروباری برادری اور چیمبرز سے مکمل رابطے میں رہیں تاکہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز کا اطلاق یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ کاروباری حضرات میں کرونا کی وجہ سے مارکیٹیں بند ہونے اور لاک ڈاؤن کا دورانیہ بڑھائے جانے پر تشویش پائی جاتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے یہ ٹاسک اسی مقصد کے لیے میاں اسلم اقبال کو سونپا ہے۔