انصاف امداد نہ ملنے پر متاثرین کی ہائیکورٹ میں دہائی

16 Apr, 2020 | 12:52 PM

Azhar Thiraj

ملک اشرف : کورونا وائرس  کے متاثرین کو بروقت حکومتی امداد نہ دینے کا اقدام ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ۔ عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے بارے فیصلہ محفوظ کرلیا ۔


جسٹس شاہد کریم نے ایڈووکیٹ عمران جاوید قریشی کی درخواست کی سماعت کی ۔درخواستگزار وکیل نے پنجاب حکومت ،کمشنر لاہور سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ کورونا وائرس  کے خدشات کے باعث  صوبہ بھر میں لاک ڈاؤن کا سلسلہ شروع کیا گیا ۔پنجاب حکومت نے انصاف امداد پروگرام کے تحت متاثرین کو 12 ہزار روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت نے یہ مالی امداد ایزی پیسہ اور اور موبی کیش کے ذریعے دینے  کا اعلان کیا ۔ درخواستگزار نے موبائل نہ رکھنےوالے276 متاثرین کی تفصیل انصاف امداد ایپ پر بھجوائی ۔ایس ایم ایس کے ذریعے متاثرین کو اسسٹنٹ کمشنرز کے پاس پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ۔رابطہ کرنے کے باوجود ابھی تک کسی بھی متاثرہ شخص کو حکومتی امداد نہیں مل سکی ۔

عمران جاوید قریشی ایڈووکیٹ نے دلائل دیتےہوئےاستدعاکی کہ عدالت حکومت کو متاثرین کو مالی امداد کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کاحکم دے۔

یاد رہے دنیا بھر میں  کورونا وائرس اپنے پنجے گاڑ چکا ہے،اب تک دنیا میں  کورونا وائرس سے بیس لاکھ لوگ متاثر ہوچکے ہیں،مرنیوالوں کی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے،سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں امریکا،برطانیہ،اٹلی ، سپین، جرمنی ، چین اور دیگر شامل ہیں،امریکا اس وقت  کورونا وائرس کا مرکز ہے،تمام ممالک نے اپنے شہریوں کو بچانے کیلئے لاک ڈائون کیا ہوا ہے،ماہرین بھی کہتے ہیں کہ لاک ڈائون ہی واحد حل ہے۔

پاکستان میں بھی لاک ڈائون ہے،اس لاک ڈائون کو 26 روز گزر چکے ہیں ،اب مزید 2 ہفتوں کیلئے اسے بڑھا دیا گیا ہے،پاکستان میں   کورونا وائرس سے اموات کی تعداد روز بروز بڑھتی جارہی ہے،ملک میں آج کورونا سے مزید 6 اموات، ہلاکتیں 124 ہوگئیں، مجموعی کیسز 6521 تک جا پہنچے۔

مزیدخبریں