جنید ریاض: پنجاب ٹیچرز یونین کے سیکرٹری جنرل وحید مراد یوسفی کا کہنا ہے کہ سیکرٹری سکول ایجوکیشن کی بار بار تبدیلی سے محکمہ تعلیم میں فائلوں کے انبار لگ گئے ہیں، صوبائی وزیر تعلیم نئی سیکرٹری سکولز ایجوکیشن سارہ اسلم کو کام کرنے کا مکمل موقع فراہم کریں۔
پنجاب ٹیچرز یونین کے سیکرٹری جنرل وحید مراد یوسفی نے وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزیر تعلیم کے نام خط لکھا ہے۔ وحید مراد یوسفی کا کہنا ہے کہ محکمہ تعلیم میں سیکرٹری ایجوکیشن کی ساتویں بار تبدیلی حکومت پنجاب کی تعلیم میں عدم دلچسپی کا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سیکرٹری ایجوکیشن کی بار بار تبدیلی سے محکمہ تعلیم میں فائلوں کے انبار لگ گئے ہیں، جبکہ ایجوکیٹرز پے پروٹیکشن کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبورہیں۔
وحید مراد یوسفی نے کہا کہ اے ای اوز اور ایس ایس ای کے کنٹریکٹ ختم ہونے سے تنخواہیں بند ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ اساتذہ کی اپ گریڈیشن ، ٹائم سکیل اور ٹیچنگ الاونس جبکہ لیب اٹینڈنٹس کی اپ گریڈیشن کامعاملہ بھی التواء کا شکار ہیں۔ اپنے خط میں انھوں نے مزید کہا کہ تبدیلیوں سے گریز کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم نئی سیکرٹری سکولز سارہ اسلم کو کام کرنے کا مکمل موقع فراہم کریں۔
یاد رہے کہ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن محمد شہریار سلطان کو تبدیل کر کے سیکرٹری سروسز لگا دیا گیا جبکہ سیکرٹری لیبر اینڈ ہیومین ریسورس سارہ اسلم کو سیکرٹری سکولز ایجوکیشن تعینات کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ علی بہادر قاضی کو سیکریٹری بہبود آبادی، محمد عامر جان کو سیکرٹری لیبر تعینات کر دیا گیا، سیکرٹری سپورٹس احسان بھٹہ کوتبدیل کرکے سیکرٹری ٹورازم لگا دیا گیا، احسان بھٹہ کے پاس سیکرٹری یوتھ افیئرزاینڈسپورٹس کااضافی چارج بھی رہے گا۔
دیگر تقرریوں اور تبادلوں میں ذوالفقاراحمدگھمن کوسیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جبکہ محمد سہیل شہزاد کو سپیشل سیکرٹری محکمہ ہائیر ایجوکیشن تعینات کر دیا گیا، مسعودالحق کو ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مقرر کر دیا گیا، سردار احمد نواز سکھیرا کو سیکرٹری کابینہ ڈویژن مقررکردیا گیا،ایڈمنسٹریٹو سروس سے تعلق رکھنے والے گریڈ 22 کے سردار احمد نواز سکھیرا سیکرٹری تجارت تھے، سیکرٹری کابینہ کی نشست معروف افضل کی ریٹائرمنٹ کے باعث خالی ہوئی تھی۔