جنید ریاض: پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ نےسرکاری سکولوں کی تمام کتابیں اپنی ویب سائٹ پرمہیا کردیں۔ پہلی سے بارہویں جماعت تک کی تمام کتابیں ویب سائٹ سے مفت ڈاون لوڈ کی جاسکیں گی۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کےپھیلاؤ سےبچنے کے لیے پنجاب بھرمیں طلباء کو درسی کتب کی فراہمی روک دی گئی تھی۔ سرکاری سکولوں میں پڑھائی جانےوالی نرسری سے بارہویں جماعت تک کی کتابیں ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی ویب سائٹ سےپبلک کےعلاوہ پرائیوٹ سکولز کی کتابیں بھی حاصل کی جاسکیں گی۔ ویب سے کتابیں ڈاون لوڈ کرنے کےکوئی چارجز نہیں ہونگے۔
ٹیکسٹ بک بورڈ کا کہنا ہےکہ ویب سائٹ پر موجود کتابوں سے ڈیڑھ کروڑ سےزائد بچے مستفید ہوسکیں گے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل حکومت کی جانب سے تعلیم گھر کا آغاز کیا گیا۔ ٹیلی سکول کے نام سے شروع کیے گئے اس چینل سے بچوں کو دن بھر چینل کے ذریعہ کلاسیں پڑھائی جاتی ہے۔
اس حوالے سے ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کا کہناتھا کہ پاکستان ٹیلی ویژن چینل پر ٹیلی سکول نشریات شروع کرنے کامقصد جدید نوعیت کے پروگرام کے ذریعے ہربچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرناہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح دوردرازدیہی علاقوں میں بچے مفت معیاری تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے یہ پروگرام دیہی علاقوں میں ٹرانسپورٹ اورسکولوں کی عدم دستیابی اور کوروناوائرس کے باعث تعلیمی اداروں کی بندش کے تناظرمیں شروع کیاہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ حکومت اورغیرسرکاری شراکت داروں کے تعاون سے عام آدمی کے بچے کوتعلیم کے زیورسے آراستہ کرنے کے لئے یہ مناسب طریقہ کار اختیارکیاگیاہے۔ دوسری جانب پرائیویٹ سکولوں کو 20 فیصد فیس کم کی گئی جس پر بہت سے سکول عمل نہیں کر رہے۔ اس حوال سے صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے بتایا ہے کہ پرائیویٹ سکولوں کی جانب سے زائد فیس وصولی کی شکایات کیلئے ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر مراد راس نے بچوں کے والدین کو مخاطب کرکے کہا کہ اگر کوئی سکول 20 فیصد فیس میں کمی نہیں کرتا تو اس کی شکایت کی جائے۔ 04299205101 نمبر پر صبح 9 سے شام 4 بجے تک پیر سے جمعہ شکایات کی جاسکتی ہیں۔ ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ ان کی معلومات کے مطابق پرائیویٹ سکول فیسوں کے معاملے میں تعاون کر رہے ہیں۔