ڈیفنس(وقاص احمد)ڈیفنس سی پولیس نے گھروں میں چوری کی وارداتیں کرنے والے میاں بیوی کو گرفتار کر کے 58 لاکھ مالیت کے زیورات برآمد کر لئے۔
انچارج انوسٹی گیشن تھانہ ڈیفنس سی عدنان مسعود کے مطابق ملزمہ سمیرا اور اس کے شوہر بابر نے چند روز قبل عباد نامی شہری کے گھر ملازمت کی اور چند ہی روز میں ملزمان نے گھر کا صفایا کر دیا۔ پولیس نے دونوں کو گرفتار کر کے 58لاکھ روپے مالیت کے ہیرے و سونے کے زیورات،موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیاءبرآمد کر لی۔
سربراہ لاہور پولیس نےلاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد اسٹریٹ کرائم میں اضافے کا خدشہ ظاہرکردیا، لاک ڈاؤن کے دوران 13 افراد کو مختلف وجوہات پر قتل کیا گیا، جبکہ لاک ڈاون سے پہلے15 دنوں میں 18 افراد کو موت کے گھاٹ اتارا گیا، کاروباری بندش کے دنوں میں بھی 124 افراد ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں مال سے محروم ہوئے، جبکہ لاک ڈاون سے قبل 15 دنوں میں 164 وارداتیں رپورٹ ہوئیں، اسی طرح گاڑی و موٹرسائیکل چوری کی 312 وارداتیں لاک ڈاؤن کے دوران ہی رپورٹ ہوئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جرائم میں اضافے کے خدشات کے پیش نظر پٹرولنگ اور ناکہ بندی بڑھادی جائے گی۔
دوسری جانب اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور اس کے اندراج بارے سی سی پی او لاہور نے 12 نکاتی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ یہ ہدایات آپریشنز اورانوسٹی گیشن ونگ دونوں کیلئے ہیں۔ نئی ہدایات کے مطابق اشتہاری کی گرفتاری کے اندراج کیلئے گرفتاری فارم، ریمانڈ پیپر، اشتہار و وارنٹ، رپٹ گرفتاری لازم قرار دیا گیا ہے۔ اس طرح پولیس مقابلے یا طبعی موت مرنے والے اشتہاری کی یونین کونسل سے تصدیق شدہ ڈیتھ سرٹیفکیٹ لازمی جبکہ اشتہاری کی گرفتاری کا مقام اورتاریخ اصل لکھی جائے اسکے ساتھ ہی گرفتار کرنے والے آفسر کا نام اور شناختی کارڈ لازم درج کیا جائے. سی سی پی او لاہورنے ہدایات پرعمل کرتے ہوئے رجسڑ نمبر 4 میں اندراج بھی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔