ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور میں کاروبار جزوی بحال، سڑکوں پر رونق ہوگئی

لاہور میں کاروبار جزوی بحال، سڑکوں پر رونق ہوگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (قذافی بٹ)شہرمیں جزوی لاک ڈاؤن کا 24 واں روز،کئی صنعتیں کھولنے کے اعلان کے بعد شہر میں زندگی معمول پر آگئی، کاروبار جزوی بحال، سڑکوں پر رونق ہوگئی، حکومت نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر پر ہر صورت عملدرآمد کی اپیل کردی۔

 پنجاب حکومت نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر جزوی لاک ڈاؤن میں 25 اپریل تک توسیع کردی ہے، تاہم شہر میں کسی بھی جگہ پر لاک ڈاؤن والی صورتحال نظر نہیں آئی، شہر میں ٹریفک بھی لاک ڈاؤن سے پہلے والی معمول کے مطابق آگئی، کئی صنعتیں کھولنے کے بعد پولیس ناکوں پر بھی نرمی کردی گئی، ڈبل سواری پر بھی پابندی میں نرمی کی گئی ہے، ناکے اگرچہ موجود ہیں تاہم پوچھ گچھ نہیں کی جارہی تاہم پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے سے شہروں کی نقل وحرکت محدود ہے، شہریوں کو  پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے سے مشکلات کا بھی سامنا ہے۔

 تاجروں نے بھی مارکیٹیں کھولنے کے حوالے سے گورنر پنجاب سے درخواست کی ہے، لاہور کار ڈیلرز فیڈریشن نے پنجاب حکومت کو شورومز کھولنے کیلئے 3 روز کی ڈیڈ لائن دیدی، جبکہ شہرمیں اینٹوں کے بھٹے، پودوں کی نرسریاں، پلمبر، کارپینٹر، رئیل سٹیٹ، درزی، بجری، اینٹوں اور سیمنٹ، الیکٹریشن، ہارڈوئیر،  آٹو مکینک و دیگر چھوٹے کاروباروالی دکانیں کھل گئیں، میڈیکل سٹورز، راشن کی دکانیں اور تندور بدستور کھلے ہیں۔

واضح رہے کہ چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس نے پاکستان میں پنجے گاڑ لیے، ملک بھر میں  کورونا وائرس کے کنفرم مریضوں کی تعداد 6336 ہوگئی جبکہ 124 افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں،کورونا وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہوا جہاں اب تک کورونا وائرس سے 3232 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 34  افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے دیہاڑی دار طبقہ بری طرح متاثر ہورہا تھا۔

Sughra Afzal

Content Writer