9 اعلیٰ افسروں کے تقرروتبادلے

16 Apr, 2020 | 08:48 AM

Sughra Afzal

لوئرمال (قیصر کھوکھر) حکومت پنجاب نے 9 اعلیٰ افسروں کے تقرر و تبادلے کردیئے، ظفرنصراللہ خان کوایڈیشنل چیف سیکرٹری سروسز اکانومی مقرر کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سیکرٹری سکولز ایجوکیشن محمد شہریارسلطان کو تبدیل کرکے سیکرٹری سروسز لگا دیا گیا جبکہ سیکرٹری لیبر اینڈ ہیومین ریسورس سارہ اسلم کو سیکرٹری سکولز ایجوکیشن تعینات کردیا گیا، علی بہادر قاضی کو سیکریٹری بہبود آبادی، محمد عامر جان کو سیکرٹری لیبر تعینات کر دیا گیا، سیکرٹری سپورٹس احسان بھٹہ کوتبدیل کرکے سیکرٹری ٹورازم لگا دیا گیا، احسان بھٹہ کے پاس سیکرٹری یوتھ افیئرزاینڈسپورٹس کااضافی چارج بھی رہے گا۔

ذوالفقاراحمدگھمن کوسیکرٹری ہائیر ایجوکیشن جبکہ محمد سہیل شہزاد کو سپیشل سیکرٹری محکمہ ہائیر ایجوکیشن تعینات کر دیا گیا، مسعودالحق کو ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مقرر کر دیا گیا، سردار احمد نواز سکھیرا کو سیکرٹری کابینہ ڈویژن مقررکردیا گیا،ایڈمنسٹریٹو سروس سے تعلق رکھنے والے گریڈ 22 کے سردار احمد نواز سکھیرا سیکرٹری تجارت تھے، سیکرٹری کابینہ کی نشست معروف افضل کی ریٹائرمنٹ کے باعث خالی ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے تمام سیکرٹریزکو ہدایت کی تھی کہ وہ دفترپہنچیں اور ضروری ماتحت عملے کو بھی اپنی صوابدید پر بلوا لیں۔ جس پر سول سیکرٹریٹ کی رونقیں لوٹ آئی ہیں۔پنجاب حکومت کےحکم پر تمام محکموں کے سیکرٹریز کل  اپنے اپنے دفاتر پہنچے اور معمول کے کام نمٹائے، سیکرٹریز کیساتھ ساتھ ان کا ماتحت عملہ بھی دفاتر میں موجود رہا۔

ہر محکمے کے ایڈمن سٹاف کو روزانہ کی بنیاد پر سول سیکرٹریٹ بلایا جاتا ہے جبکہ خواتین سٹاف کو چھٹی دی گئی ہےاوردیگر سٹاف گھروں سے آن لائن کام کرتا ہے۔

خیال رہے کہ چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والی خطرناک بیماری کورونا وائرس نے پاکستان میں پنجے گاڑ لیے، کورونا وائرس سے اب تک 6336 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 111 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، کورونا وائرس سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہوا۔

مزیدخبریں