مظہر عباس: پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سینئر کنسلٹنٹ ڈاکٹر سمیت 3مزید ڈاکٹروں اور 7 نرسز میں کاورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق : پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے مزید3 ڈاکٹرز اور 7نرسز میں کورونا کی تشخیص ہو گئی، اس سے قبل پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے 2 ڈاکٹرز کورونا میں مبتلاپائےگئےتھے۔ اس طرح وائرس سے متاثرہ ڈاکٹرز کی کل تعداد 5 ہو گئی ہے جبکہ پی آئی سی میں زیرعلاج ایک مریض میں بھی کورونا کی تصدیق ہوئی ہے ۔
اس سے قبل بھی پی آئی سی کے ایک نوجوان ڈاکٹر میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس پر اسے سروسز ہسپتال میں زیرعلاج رکھا گیا اورچند روز قبل صحتیاب ہونے پر ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔
لاہور میں کورونا وئرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ تو دوسری جانب لوگ تیزی سے وائرس کو شکست دینے میں بھی کامیاب ہونے لگے،لاہورمیں اب تک کورونا کے93 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں، میو ہسپتال سے صحت یاب ہونیوالوں میں 16 مرد اور پانچ خواتین مریض شامل تھے۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں مزید 71 کیسز سامنے آنے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 3016 جبکہ لاہور میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 484 ہو گئی، پنجاب میں کوروناوائرس کےمشتبہ مریضوں کی تعداد 26 ہزار 39 ہےکورونا سے اب تک شہر میں12، صوبے میں 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں،پنجاب میں کورونا سے صحت یاب مریضوں کی تعداد508ہوگئی۔
طبی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔
دوسری جانب حکومت پنجاب نے لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، نوٹیفکیشن کے مطابق تمام مارکیٹیں ،شاپنگ مالز ،ریسٹورنٹس ،سرکاری اور نجی دفاتر 25 اپریل تک بند رہیں گے، تمام قسم کی ٹریفک اور ایک شہر سے دوسرے شہر جانیوالی ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔