یو ایچ ایس بورڈ آف گورنرز نے کورونا پر ریسرچ کی منظوری دے دی

16 Apr, 2020 | 12:57 AM

Malik Sultan Awan

(زاہد چوہدری)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس میں آکسفورڈ یونیورسٹی کے اشتراک سے کورونا وائرس پر ریسرچ اور حفاظتی کٹس کی تیاری کی منظوری دے دی گئی، یو ایچ ایس کی جانب سے کورونا سے لڑنے والے ڈاکٹرزکو کٹس فراہم کی جائیں گی ۔

 یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے بورڈ آف گورنرز کا 44واں اجلاس جسٹس ریٹائرڈ تصدق جیلانی کی سربراہی میں ہوا ۔ اجلاس میں گوہراعجاز، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرجاوید اکرم ، محکمہ صحت اور خزانہ کے نمائندے شریک ہوئے ۔ پروفیسر ڈاکٹر انوار اے خان اور سلیمہ ہاشمی نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔

بورڈ آف گورنرز نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے اشتراک سے کورونا وائرس پر ریسرچ اور کورونا کے زیرعلاج شدید علیل مریضوں پر دوا المٹرین کے تجرباتی استعمال کی منظوری دیدی ۔ اس کے علاوہ بورڈ آف گورنرز نے حفاظتی کٹس کی ہنگامی بنیادوں پرتیاری اور یو ایچ ایس کے ٹیلی میڈیسن سنٹرز پر کام کرنے والے رضاکاروں پر اخراجات کیلئے ایک کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری بھی دیدی ۔ بورڈ نے یو ایچ ایس میں پہلا صحت خوشی اور خوشحالی مرکز قائم کرنے کی بھی منظوری دیدی ۔ اس مرکز میں سپورٹس میڈیسن ، اپلائیڈ سائیکالوجی اور فزیوتھراپی کے شعبے قائم ہونگے اور عملے کو سٹریس سے نبردآزما ہونے کی تربیت دی جائے گی ۔

بورڈ آف گورنرز نے ہیلتھ انفارمیٹکس کا ماسٹر ڈگری پروگرام شروع کرنے کی بھی منظوری دیدی ۔ اس موقع پر وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے بتایا کہ ٹیلی میڈیسن سنٹر پر اب تک 98 ہزار کالز موصول ہوچکی ہیں اور ٹیلی میڈیسن پروگرام سے شہری بھرپور استفادہ کر رہے ہیں ۔

مزیدخبریں