(درنایاب) ایل ڈی اے نےکمرشلائزیشن پر آٹھ ماہ سے عائد خود ساختہ پابندی ختم کردی جبکہ سالانہ کمرشلائزیشن کے نئے کیسز پرمکمل پابندی عائد ہے، پہلے سے جاری سالانہ کمرشل کیسز کو 2024 تک ہر سال مشروط این او سی دیا جائے گا۔
ایڈیشنل ڈی جی اربن پلاننگ رانا ٹکا خان کی سربراہی میں کمیٹی نے شہر میں اے کیٹگری کی شاہراہوں پرمستقل کمرشلائزیشن اور سالانہ کمرشلائزیشن کی املاک سے ساڑھے 17 فیصد سے زائد فیس وصولی کی اجازت دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق بی کیٹگری روڈز پر سروے کے بعد مشروط شاہراہوں پر کمرشلائزیشن کی اجازت ہوگی، سالانہ کمرشلائزیشن کیسز کی توسیع کے لئے ٹاؤن پلاننگ کا این او سی لینا لازم ہوگا۔
دوسری جانب ایل ڈی اے کی مستقل کمرشلائزیشن پالیسی کی منظوری گورننگ باڈی سے ہوگی،گورننگ باڈی کی منظوری تک کمرشلائزیشن پر مشروط پابندی اٹھانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، کمرشلائزیشن نہ کھولنے سے ایل ڈی اے کو اربوں روپے کا نقصان ہورہا تھا۔
واضح رہے کہ کمیٹی میں سینئر لیگل ایڈوائزر خرم رضا، لیگل ایڈوائزر وقاراے شیخ، ڈائریکٹر ریکوری محمد علی، ڈائریکٹر فنانس علی شہزاد، ڈائریکٹر لیگل امیر حسن اور ڈائریکٹر کمرشلائزیشن شکیل انجم منہاس شامل ہیں۔