(عابد چودھری) باران رحمت زحمت بن گئی، لاہور میں بارش اور تیز آندھی سے چھتیں اور دیواریں گرنے سمیت مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
باغوں کے شہر میں پہلے تیز آندھی چلی پھر بارش ہوئی جس سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، لاہور میں بارش کے باعث لیسکو کے 358 فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے متعدد علاقے رات بھر بجلی سے محروم رہے، تیز آندھی اور بارش سے مختلف حادثات پیش آئے، شاد باغ میں شادی ہال کی چھت گرنے کے باعث خاتون سمیت 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئےجبکہ گیارہ زخمیوں کو ریسکیو ٹیموں نے طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا۔
دوسری جانب منصورہ کےعلاقےمیں سنوکر کلب کی چھت گرنے کے باعث چھ افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے، جبکہ کاہنہ میں پارک کی دیوار گرنےسے تین افراد اور نشاط کالونی میں گھر کی چھت گرنے سے تین افراد زخمی ہوئے، ریسکیو ٹیموں نےحادثات میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا۔
تیز آندھی کےباعث کینال روڈ پر درخت گر گئے جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی، آندھی کے باعث لیسکو کے سینکڑوں فیڈرز بھی جواب دے گئے جن کی بحالی کا کام جاری ہے۔