وزیراعلیٰ پنجاب نے پہلے نیوٹریشن کلینک کا افتتاح کردیا

16 Apr, 2019 | 10:15 AM

Sughra Afzal

(عمران یونس) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فوڈ اتھارٹی کے پہلے نیوٹریشن کلینک کا افتتاح کردیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی کی وفاداری سٹیٹ کے ساتھ ہونی چاہیئے، پنجاب کے تبادلے خالصتا ایڈمنسٹریٹو فیصلہ تھا جو افسر کام کرے گا وہی میدان میں رہے گا۔

پی ایف نیوٹریشن کلینک کے افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ہمراہ وزیر خوراک سمیع اللہ چودھری اور دیگر بھی موجود تھے، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن(ر) محمد عثمان نے وزیر اعلیٰ کو ادارے کی کارکردگی اور ملک پائسچرائزیشن منصوے کے حوالے سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ کو بتایا کہ نیوٹریشن کلینک میں غذائی ماہرین عوام الناس کو غذا کے بہتر چناؤ اور استعمال کے حوالے سے آگاہی دیں گے، کلینک صبح 9 سے شام 4 بجے تک کھلے رہیں گے، کلینک میں عوام الناس کو ٹیسٹ کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کلینک کے مختلف سیکشن کا معائنہ کیا، انہوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈے کیئر سنٹر کا بھی دورہ کیا اور ڈے کیئر سنٹر میں بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے کےعوام کو خالص غذا کی فراہمی کے لئے آخری حد تک جائیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب نے ملاوٹ مافیا کیخلاف پنجاب بھر میں موثر کریک ڈاؤن کا بھی حکم دیا۔

مزیدخبریں