رضوان نقوی:ایف بی آر نے کروڑوں روپے کی سیلز کے باوجود سیلز ٹیکس ادائیگی نہ کرنے والی سٹیل ملز کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا، ایف بی آر کے بی ٹی بی زون نے شالامار کے علاقے میں واقع گلزار مدینہ سٹیل ری رولنگ اور "ریز سٹیل انڈسٹری"پر چھاپہ مار کر ریکارڈ قبضہ میں لے لیا ہے۔
ایف بی آر نے کروڑوں روپے کی سیلز ٹیکس چوری میں ملوث غیر رجسٹرڈ سٹیل ملز کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ایف بی آر کے براڈننگ آف ٹیکس بیس زون کی ٹیم نے کمشنر ڈاکٹر یاسمین فاطمہ کی ہدایت پر شالامار کےعلاقے میں قائم 2 سٹیل ملز پر چھاپہ مار کرسیلز پرچیزاور بنک اکاؤنٹس سمیت اہم ریکارڈ قبضہ میں لے لیا ہے۔ ایف بی آر نے گلزار مدینہ سٹیل ری رولنگ انڈسٹری کا مکمل ریکارڈ قبضہ میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔ ایف بی آر کے اعداد و شمار کے مطابق گلزار مدینہ سٹیل ری رولنگ انڈسٹری نے 2 سال میں 4 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی سیلز کرنے کے باوجود سیلز ٹیکس رجسٹریشن کروائی اور نہ ہی ٹیکس ادائیگی کی ہے۔
ایف بی آر نےشالامار کے علاقہ میں ہی قائم "ریز سٹیل انڈسٹری" کا مکمل ریکارڈ قبضہ میں لے لیا ہے۔ ریزسٹیل انڈسٹری نے گزشتہ دو سال کے دوران چھ کروڑ تیس لاکھ روپے کی سیلز کی ہے۔ایف بی آر کی ٹیم میں ایڈیشنل کمشنراظہرجہانگیر،اسسٹنٹ کمشنر ناصر جمال شاہ ،اسسٹنٹ کمشنر سلمان نوید بٹ اورثمن زہرہ شامل تھیں۔ایف بی آر حکام کا کہنا ہےکہ ریکارڈ کی چھان بین کے بعد دونوں سٹیل ملز کو سیلز ٹیکس نیٹ میں رجسٹرڈ کرکے قوانین کے مطابق سیلز ٹیکس وصولی کی جائے گی۔