ویب ڈیسک : آئینی ترامیم کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن دونوں جانب سے مولانا فضل الرحمان کو منانے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔
آئینی ترامیم پر ان کی حمایت حاصل کرنے کے لیے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، اور اسحاق ڈار بھی کچھ دیر بعد مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کریں گے ۔
اس سے قبل بھی حکومتی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اور وزیر داخلہ محسن رضا نقوی شامل تھے۔ ملاقات میں آئینی ترامیم کے مجوزہ مسودے پر تفصیلی مشاورت کی گئی، تاہم ملاقات کے بعد حکومتی وفد کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی وفد کی بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی۔ وفد میں شبلی فراز اور اسد قیصر شامل تھے۔ پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے آئینی ترامیم کے مجوزہ پیکج پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں اپوزیشن اتحاد کے ساتھ رکھنے کی کوشش کی۔