ویب ڈیسک : وزیردفاع خواجہ آصف نےکہا ہے کہ امید ہے کہ آئینی پیکج آج منظور ہو جائے گا اور اس ترمیم کے پاس ہونے کے بعد پارلیمنٹ کے ماحول میں بہتری آئےگی ۔
خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئینی ترمیم کے لیے نمبر گیم پوری ہے اور اس حوالے سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے کچھ تحفظات تھے جنہیں دور کر لیا گیا ہے۔ یقینی بنارہے ہیں کہ تمام اتحادی جماعتوں کے ارکان اجلاس میں موجود ہوں، مولانا اور اتحادی جماعتوں کے علاوہ بھی کچھ ووٹ ہیں جو ملیں گے اور وہ آئینی اور قانونی طور پر کسی اور کے پابند نہیں ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ کل اپوزیشن کو غیبی مدد آئی ہے اس کے باوجود ہمیں کامیابی ملے گی، زیادہ تر ترامیم وہی ہیں جو کئی سال سے زیربحث ہیں، آئینی عدالت کا قیام،عدالتوں میں ججزکی تعداد میں اضافہ بل کا حصہ ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگرعدلیہ زیادہ سے زیادہ اختیارات حاصل کرنے میں لگی رہے تو سائلین متاثر ہوتے ہیں، عدلیہ ایک محترم ادارہ ہے اسے بھی سوچنا چاہیے، توہین عدالت فوری لگادیتے ہیں یہ نہیں دیکھتے کہ توہین ہوئی بھی ہے یا نہیں۔ مخصوص نشستوں کے فیصلے کے ذریعے آئینی ترمیم کا راستہ روکنے کی کوشش کی گئی، آئینی ترمیم تمام اداروں سے متعلق ہوگی اور یہ ٹھنڈی ہوا سب کو لگے گی۔