ثمرہ فاطمہ: ذیلدار روڈ اچھرہ پانچ سال سے انتظامیہ کی غفلت کا شکار ہے۔ تین ماہ پہلے شروع کیے گئے مرمتی کام کو بھی انتظامیہ نے ادھورا چھوڑ دیا۔ ناہموار سڑک سے لوگوں کو گزرنا مشکل ہوگیا۔
ذیلدار روڈ اچھرہ لاہور کا مرکزی علاقہ ہونے کے باوجود پانچ سال سے ارباب اختیار کی نظروں سے اوجھل ہو گئی ہے۔ تین ماہ پہلے انتظامیہ شروع کیے گئے مرمتی کام کو ادھورا چھوڑ کر غائب ہو گئی۔ سڑک شدید ٹوٹ پھوٹ اور زبوں حالی کا شکار ہونے سے مکینوں کو پیدل گزرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
مکینوں کا جہاں کاروبار متاثر ہو رہا ہے وہیں آئے روز حادثات ہونا بھی معمول بن گئے ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے پانچ سال سے سڑک کی ابتر صورتحال کے باعث شدید اذیت سے دوچار ہیں۔ بارش ہو جائے تو اس سڑک سے گزرنا مزید محال ہو جاتا ہے۔ دوکاندار گاہکوں کی آمد و رفت بالکل بند ہو جانے کی وجہ سے دوکانیں بند کر کے گھروں کو چلے جاتے ہیں۔ انتظامیہ سے اپیل ہے مرمتی کام کو شروع کروا کر سڑک کی تعمیر جلد از جلد کرائے۔