در نایاب: ایل ڈی اے نے حمزہ شہباز کی رہائشگاہ جوڈیشل کالونی کو اپنے دائرہ کار سے باہر قرار دے دیا، منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش کے دوران ایف آئی اے نے ریکارڈ مانگا تھا، ایل ڈی اے نے ایف آئی اے کو تحریری جواب بھجوا دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے نے حمزہ شہباز شریف کی ذاتی رہائشگاہ جوڈیشل کالونی کو اپنے دائرہ کار سے باہر قرار دیدیا ہے۔ منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے کے ریکارڈ مانگنے پر تحریری رپورٹ ارسال کردی گئی۔ ایف آئی اے نے پلاٹ نمبر 48, 49, 50, 51 جوڈیشل ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کا مکمل ریکارڈ طلب کیا تھا۔
ایل ڈی اے نے تمام ریکارڈ فراہمی کا ذمہ دار کوآپریٹو سوسائٹی کی انتظامیہ کو قرار دیدیا ہے۔ مراسلہ کے مطابق دو دو کنال کے چار پلاٹوں کی ایکوزیشن اور ٹرانسفر کا ریکارڈ جوڈیشل ایمپلائز کوآپریٹو کے پاس موجود ہے۔ مراسلہ کے مطابق ایل ڈی اے کے پاس پلاٹوں کی ٹرانسفر اور رقوم کی ادائیگی کا کوئی ریکارڈ نہیں۔
دوسری جانب عالمی یوم جمہوریت پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ یوم جمہوریت پر جمہوری اقدار اور آئین و قانون کی حکمرانی اور پارلیمنٹ کی تکریم کیلئے جدوجہد کرنیوالوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جمہوریت صرف ایک نظام حکومت نہیں بلکہ لوگوں کے بنیادی حقوق کی ضمانت اور ان کی خوشحالی کا راستہ بھی ہے۔ عوام پر مسلط کردہ حکومت کچھ دینے کے بجائےعوام سے چھین ہی رہی ہے۔ ملک کے تمام طبقات بشمول صحافی اور ڈاکٹرز اس حکومت سے تنگ آ چکے ہیں اور سراپا احتجاج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کا جن بے قابو ہو چکا ہے 13 فیصد سے زائد مہنگائی نےعوام کو روٹی کا محتاج کر دیا ہے اور حکومت کا رویہ جمہوری کی بجائے آمرانہ ہے یہ فسطائی سوچ کی نشانی ہے۔ افسوس کہ اس وقت ملک میں جمہوری اقدار اور آزادیاں خطرے سے دوچار ہیں، یوم جمہوریت پراس بات کا اعادہ کرنے کی ضرورت ہے کہ ملک میں اصل جمہوریت جس کا مقصد عوامی فلاح ہو اس کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔