مجرموں کو نامرد کرنے کی تجویز ، وزیر اعظم کے بیان پر نئی بحث شروع

15 Sep, 2020 | 12:05 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42 : وزیراعظم عمران خان نے ریپ کے مجرموں کو نامرد کرنے کی تجویز دے دی،وزیر اعظم کی تجویز پر سوشل میڈیا ،سیاسی ومذہبی حلقوں،سول سوسائٹی میں ایک نئی بحث شروع ہوگئی ۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جنسی طور پر ناکارہ بنانے کیلئے کیمیائی یا سرجیکل طریقہ کار اپنایا جاسکتا ہے،وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بچوں اور خواتین  کا ریپ کرنیوالوں کو سرعام چوک میں لٹکانا چاہئے،اگر یورپی یونین کے دبائو پر ایسا نہیں کرسکتے تو  مجرموں کو ناکارہ کردینا چاہئے کہ وہ آئندہ کچھ نہ کرسکیں ،وزیر اعظم نے مجرموں کی کیمیائی کیسٹریشن(آختہ) کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ میں اس بارے سٹڈی کررہا ہوں اور قانون سازی کیلئے مشاورت بھی جاری ہے۔

آئی جی پنجاب کی تبدیلی کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام ہم سے صرف یہ پوچھیں گے ہمیں کتنا تحفظ دیا؟ یہ نہیں پوچھیں گے کہ کتنے آئی جی تبدیل کیے؟ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ( سی سی پی او) لاہور کو لانے کی ضرورت اس لیے پڑی کہ لاہور میں پولیس نچلی سطح پر قبضہ گروپوں سے ملی ہوئی ہے۔ قبضہ گروپ نے کچھ دن قبل ایک آدمی کو قتل تک کردیا اور اس قتل کا پولیس کو علم تھا۔

وزیر اعظم عمران خان کے اس انٹرویو کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بحث چھڑ گئی ،جس پر لوگ خوب تبصرے کررہے ہیں ، ٹوئٹر پر کیمیکل کیسٹریشن ٹاپ ٹرینڈ چل رہا ہے،ایک صارف نے ڈرامہ ارطغرل کے مناظر کی ویڈیو  شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ کیسٹریشن کے بجائے واحد حل مجرموں کا سرقلم کرنا ہے۔

ایک صارف نے وزیر اعظم کی کیسٹریشن کی تجویز کو سراہتے ہوئے لکھا کہ یہ سزا پھانسی پر لٹکانے سے بہتر ہے۔

ایک اور ٹرینڈ تھینک یو پرائم منسٹر کے نام سے بھی چل رہا ہے،جس میں وزیر اعظم کی تعریفوں کے پل باندھے گئے ہیں۔ان کی تجویز کو بھی سراہا جارہا ہے۔

مزیدخبریں