طلبا کی موج مستیاں ختم، تعلیمی ادارے کھل گئے، تدریسی عمل شروع

15 Sep, 2020 | 11:47 AM

Sughra Afzal
Read more!

(جنید ریاض/حسن خالد) طلبا کی موج مستیاں ختم، لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس کے باعث  6 ماہ سے بند تعلیمی ادارے کھل گئے، اساتذہ کی جانب سے طالب علموں کو خوش آمدید کہا گیا۔ 

لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وبا کی وجہ سے بند تعلیمی ادارے 6 ماہ بعد آج کھل گئے ہیں، پہلے مرحلے میں میٹرک کلاسز، انٹرمیڈیٹ اور یونیورسٹیز میں تدریسی عمل شروع کردیا گیا، تعلیمی اداروں میں کورونا سے بچاؤ کے لیے سپرے کیاگیا،کلاسز کا آغاز ساڑھے 7 بجے ہوا، چھٹی 1 بجے دوپہر کو ہو گی،  پہلے روز بچوں کا ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا، اکثر طلبا خوش اور کچھ اُداس دکھائی دیئے، والدین نے بھی تعلیمی سرگرمیاں بحال ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق ایک دن سکول آنے والا بچہ اگلے دن چھٹی پر ہوگا، کورونا کے باعث بچوں کے بیٹھنے میں 3 فٹ کا فاصلہ ہوگا، پرائمری، مڈل سکولوں میں طالب علموں کو آنے کی اجازت نہیں، پرائمری، مڈل اور ہائی سکولز میں اساتذہ کی مکمل حاضری ہوگی۔ 

این سی او سی کے مطابق دوسرے مرحلے میں 23 ستمبر سے چھٹی سے 8 ویں جماعت تک کلاسز شروع ہوں گی، 30 ستمبر سے نرسری سے جماعت پنجم تک کلاسز کا آغاز ہو گا، طلبہ وطالبات کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، گروپ اے کی کلاسزسوموار، بدھ، جمعہ کو ہوں گی، گروپ بی کی کلاسز منگل، جمعرات اور ہفتہ کو ہوں گی۔

حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عمل ہو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں سکولوں کا دورہ کریں گی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے۔

حکومت نے تعلیمی اداروں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا ہونے کی ہدایت کی ہے، اس دوران ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنیوالے سکولوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔

مزیدخبریں