(قیصر کھوکھر) وزیراعظم عمران خان کے سیاحت کو فروغ دینے کے دعوے دھرے رہ گئے، محکمہ ٹورازم واحد محکمہ ہے جو خلا میں معلق ہے، محکمہ ٹورازم کا دفتر ہے نہ سٹاف اور محکمہ کا کام بھی نہ ہونے کے برابر۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ ملک میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دیا جائے گا مگر محکمہ ٹورازم واحد محکمہ ہے جو خلا میں معلق ہے، اس محکمے کا دفتر ہے نہ سٹاف اور کام بھی نہ ہونے کے برابرہے، محکمہ ٹورازم میں ایڈیشنل سیکرٹری اور سیکشن افسران کو بھی تعینات نہیں کیا گیا۔ دفتر یا بلڈنگ نہ ہونے سے محکمہ ٹورازم کی ورکنگ بھی نہ ہونے کے برابرہے۔
یاد رہے کہ محکمہ ٹورازم کو قائم ہوئے پانچ ماہ گزر چکے ہیں، حکومت نے ابھی تک اس محکمے کو ایک بھی گاڑی فراہم نہیں کی جبکہ محکمہ ٹورازم میں اضافی چارج کی بنیاد ہر کام چلایا جارہا ہے، سیکرٹری ٹورازم سیکرٹری سپورٹس کے دفتر میں بیٹھتے ہیں، گاڑیاں اور دفتر نہ ہونے سے کوئی بھی محکمہ ٹورازم میں آنے کیلئے تیار نہیں۔
سیکرٹری ٹورازم احسان بھٹہ کا کہنا ہے کہ دس روز سے کرائے کی بلڈنگ تلاش کر رہے ہیں، امید ہے جلد ہی بلڈ نگ مل جائے گی، اس کے علاوہ حکومت کو گاڑیوں اور سٹاف کیلئے بھی خط لکھ رکھا ہے مگر ابھی تک کوئی مثبت رسپانس نہیں ملا۔