لاہور کی 20 شاہراہوں کی تزئین و آرائش کا منصوبہ تیار

15 Sep, 2020 | 10:13 AM

Sughra Afzal

لوئر مال (راؤ دلشاد) بیوٹیفیکیشن آف لاہور کیلئے کمشنر لاہور وایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن ذوالفقار احمد گھمن ان ایکشن، معروف 20 شاہراہوں کی تزئین وآرائش کے 41 کروڑ کی سکیموں کا  ورکنگ پیپر تیار کرلیا گیا، منصوبے پر 41 کروڑ 6 روپے لاگت آئے گی۔

ذرائع کے مطابق داتا گنج بخش زون میں ایبٹ روڈ، منٹگمری روڈ، کوپر روڈ اور کچہری روڈ آوٹ فال تک کیلئے 4 کروڑ 90 لاکھ روپے رکھے گئے، شالامار زون میں چاہ میراں روڈ، حضوری شاہ دربار روڈ اور گھوڑے شاہ روڈ کیلئے 4 کروڑ 15 لاکھ روپے کی سکیمیں تیار کی گئی ہیں، جبکہ واہگہ زون میں مین شریف پورہ روڈ کیلئے 6 کروڑ روپے کی سکیمیں تیار کی گئیں۔

عزیز بھٹی زون میں اشفاق چوک سے خواجہ احمد حسان روڈ اور حسین روڈ تا رینجر ہیڈ کواٹرزتک 10 کروڑ 36 لاکھ روپے کی سکیمیں رکھی گئیں، علامہ اقبال زون میں لنک روڈ ستوکتلہ سادھو کی اور مین رائیونڈ روڈ تا بچرخانہ تک کی سکیموں کیلئے 3 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئے گی، سمن آباد زون میں نواب پورہ روڈ اور توحید پارک روڈ کی سکیموں کیلئے 3 کروڑ روپے شامل کیے گئے، نشتر زون میں گورنمنٹ کالج فار وویمن ٹاون شپ روڈ اور ڈیرہ صاحب بھٹی روڈ کیلئے 3 کروڑ 20 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، کمشنر لاہور آئندہ اجلاس میں بیوٹیفیکیشن آف لاہور کیلئے 20 سکیموں کی ایڈمنسٹریٹو منظوری دیں گے۔

دوسری جانب  چیف سیکرٹری پنجاب کی مداخلت پر مال روڈ اور علامہ اقبال روڈ کی ری سٹرکچرنگ کے لیے ورک آرڈرز جاری کردیئے گئے،  مال روڈ کا کنٹریکٹ میسرز جلال کنسٹرکشن جبکہ علامہ اقبال روڈ کا کنٹریکٹ اسماعیل اینڈ کمپنی نے حاصل کرلیا،  مال روڈ کی تزئین و آرائش پر4 کروڑ 30 لاکھ جبکہ علامہ اقبال روڈ پر 3 کروڑ 43 لاکھ لاگت آئے گی۔

مزیدخبریں