زبیر عباس: رنگ محل صرافہ بازار کے تاجر لیسکو حکام کے خلاف سراپا احتجاج، جگہ جگہ لٹکتی بجلی کی تاریں خوف کا سبب بن رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تاجران کا کہنا تھا کہ پورے بازار میں بجلی کی لٹکتی تاروں کا جال بنا ہوا ہے، جس کی وجہ سے آئے روز تاروں سے چنگاڑیاں اور آگ لگنا معمول بن گیا ہے۔ تاروں کی وجہ سے دوکانوں کے شٹرز میں بھی کرنٹ آجاتا ہے جس سے کوئی بھی جانی نقصان ہو سکتا ہے۔
مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ شٹرز کھولنے سے پہلے ٹیسٹر سے چیک کرنا پڑتا ہے کہ کہیں کرنٹ تو نہیں آ رہا، متعلقہ محکمہ کے دفاتر میں بارہا چکر لگا چکے ہیں، درخواستیں بھی دی گئی ہیں لیکن لیسکو افسران کی جانب سے ٹال مٹول کردی جاتی ہے۔
حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نوٹس لے کر لٹکتی تاروں کا حل نکالیں نہیں تو مین روڈ بلاک کر کے احتجاج کیا جائے گا۔