سٹی42: چھبیسویں آئینی ترمیم کے مسودہ پر پارلیمانی سیاسی جماعتوں کی نمائندہ خصوصی کا اجلاس آج شام 4 بجے ہو گا۔
اجلاس کا وقت پہلے جمعرات کو دوپہر ساڑھے بارہ بجے رکھا گیا تھا۔ آج منگل کے روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو کی جمعیت علما اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملاقات میں مولانا کی جانب سے 26 وین ترمیم کے حتمی مسودہ پر مکمل اتفاق کئے جانے کے بعد بدھ کی شام پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کا وقت تبدیل کر کے اجلاس ایک دن پہلے بلا لیا گیا ہے۔
خصوصی کمیٹی کا اجلاس سید خورشید شاہ کی زیرِ صدارت اب آج شام 4 بجے ہو گا ۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اجلاس میں تین سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کے درمیان اتفاق رائے سے طے ہونے والا حتمی مسودہ کمیٹی میں شامل باقی جماعتوں کے ارکان کے سامنے رکھا جائے گا۔ اجلاس میں پارلیمانی جماعتوں کی جانب سے آئینی ترمیمی مسودوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
امکان ہے کہ کمیٹی کے ارکان کل کے اجلاس مین ہی آئینی ترمیم کے مسودہ کی منظوری دے دیں گے جس کے بعد اسے واپس پارلیمنٹ میں لایا جائے گا جہاں اس پر قانون سازی کے طریقہ کار کے مطابق ووٹنگ کروائی جائے گی۔
پارلیمانی کمیٹی کے آج ہونے والے اجلاس میں پی ٹی آئی کے ارکان شریک نہیں ہوں گے کیونکہ پی ٹی آئی کے چئیرمین گوہر خان نے کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔