سٹی 42: اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی تاجکستان کے وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ،وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بطور برادر ممالک اور علاقائی شراکت دار، پاکستان اور تاجکستان کے مابین دوستی اور تعاون کا پائیدار رشتہ ہے
وزیر اعظم سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس کے موقع پر تاجکستان کے وزیر اعظم قاہر رسول زادہ (Qohir Rasulzada) نے دو طرفہ ملاقات کی ۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سبراہانِ حکومت کے اجلاس میں تاجکستان کی فعال اور تعمیری شرکت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بطور برادر ممالک اور علاقائی شراکت دار، پاکستان اور تاجکستان کے مابین دوستی اور تعاون کا پائیدار رشتہ ہے۔ وزیر اعظم نے رواں برس جولائی میں دوشنبہ کے اپنے نتیجہ خیز دورے کا بھی ذکر کیا اور دو طرفہ تعلقات کی مثبت سمت کی جانب پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں قریبی اور باہمی فائدہ مند تعاون کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔
تاجک وزیرِ اعظم قاہر رسول زادہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کی چئیر کی حیثیت سے پاکستان کی جانب سے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں تاجک وفد اور دیگر شریک وفود کے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا. وزیرِ اعظم شہباز شریف کو تاجکستان کے صدر امام علی رحمن کی نیک تمناؤں کا پیغام دیتے ہوئے قاہر رسول زادہ نے کہا کہ تاجکستان اور پاکستان کے مابین تعاون کی وسیع استعداد موجود ہے جس سے مستفید ہونے کیلئے تاجکستان، پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ تاجک وزیرِ اعظم نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور حکومت پاکستان کا تاجکستان کو پاکستان سے چینی برآمد کرنے کی اجازت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ دونوں ممالک کے مابین تجارت کو فروغ دیگا.