فلسطین کو ہر طرح کی امداد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں، نگران وزیر خارجہ

15 Oct, 2023 | 02:55 PM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، فلسطین کو ہر طرح کی امداد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔

پریس کانفرنس  کے دوران نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ شہری آبادی پر حملوں اور غزہ کے محاصرے کی پر زور مذمت کرتے ہیں، اسرائیل فلسطین بارے اقوام متحدہ کی قراردادوں کا احترام کرے، اسرائیل 6 دہائیوں سے زائد عرصے سے فلسطین میں مظالم ڈھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے مسئلہ فلسطین پر واضح مؤقف رکھتا ہے، اسرائیلی حملوں میں معصوم فلسطینی خواتین اور بچے مارے جا رہے ہیں، پاکستان 1967ء سے قبل کی سرحدیں، القدس الشریف دارالحکومت کے ساتھ آزاد فلسطینی ریاست چاہتا ہے۔

نگران وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں فلسطینی بجلی، پانی، خوراک جیسی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں، او آئی سی کا خصوصی اجلاس 18 اکتوبر کو جدہ میں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم چینی صدر کی دعوت پر چین کا دورہ کر رہے ہیں، وہ چینی قیادت سے ملاقات کریں گے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔

مزیدخبریں