امریکی صدر کا پاکستان مخالف بیان، شہباز شریف کا دوٹوک موقف آگیا

15 Oct, 2022 | 07:08 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر سے منسوب بیان حقائق کے برعکس اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

تفصیلات کےمطابق وزیراعظم شہباز شریف  نے کہا کہ گزشتہ دہائیاں ثبوت ہیں کہ پاکستان انتہائی ذمہ دار جوہری ریاست ہے،جوہری پروگرام موثر تکنیکی اور فول پروف کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے زیر انتظام ہے ،جوہری ہتھیاروں کی صلاحیت سے متعلق   پاکستان نے ہمیشہ نہایت ذمہ دارانہ کردار کا مظاہرہ کیا ہے ، پاکستان نے عدم پھیلاؤ، سلامتی وتحفظ پر عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی۔اے۔ای۔اے) سمیت عالمی معیارات کے اپنے پختہ عہد کو پورا کیا ہے ۔

عالمی امن کو اصل خطرہ عالمی مروجہ اقدار کو پامال کرنے والی بعض ریاستوں، انتہا پسند قومیت پسندی، غیرقانونی قبضوں کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے ہے ،دنیا کے امن کو اصل خطرہ سرفہرست جوہری ممالک کے درمیان اسلحہ کی دوڑ سے ہے ،دنیا کے امن کو اصل خطرہ ان ممالک سے ہے جہاں جوہری سلامتی سے متعلق باربار حادثات ہوئے ۔

دنیا کے امن کو اصل خطرہ سلامتی کے ان اتحادوں سے ہے جن کی تشکیل سے علاقائی توازن متاثر ہو رہا ہے ، پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوستی اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے  ،دنیا جب بڑے بڑے مسائل اور مشکلات سے دوچار ہے، ایسے میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی حقیقی صلاحیت کو پہچاننے کے لئے خالص اور پائیدار کوششیں نہایت ناگزیر ہیں ۔

وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہناتھاکہ اس مقصد کے لئے غیرضروری بیانات سے پرہیز کیا جائے ،علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لئے امریکہ کے ساتھ تعاون کی پرخلوص خواہش رکھتے ہیں۔

واضح رہےکہ امریکی صدر نے الزام عائدکیا ہےکہ پاکستان خطرناک ترین ممالک میں سے ایک ہے اور پاکستان کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ ہے، اس بات کا خدشہ ہےکہ اسے کوئی بھی استعمال کرسکتا ہے۔

مزیدخبریں