ریسکیو سروس 1122سے میرا تعلق سیاست کا نہیں دل کا ہے،چوہدری پرویز الہی

15 Oct, 2021 | 09:09 PM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی کا ریسکیو1122 سروس کی 17 ویں سالگرہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب ، اس موقع پر چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ سیاست سے بالا انسانیت کی خدمت پر مامور ادراہ ریسکیو 1122 پر پوری قوم کو فخر ہے۔
 تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الہی نے  اظہار خیال کرتے ہوئے  کہا کہ ریسکیو سروس اور ریسکیورز سے میرا تعلق سیاست کا نہیں بلکہ دل کا ہے۔دل دھڑکنا چھوڑ دے تو باقی جسم بھی کام نہیں کرتا،ریسکیو 1122الاؤنس سابقہ حکومت نے ختم کر دیا تھا،اس کو بحال کروانے کیلئے میں  خود وزیر اعلیٰ پنجاب سے بات کروں گا۔ 
 انہوں نے بتایا کہ سابقہ حکومتوں نے ریسکیو کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالیں لیکن دکھ ہے کہ موجودہ حکومت نے بھی ریسکیو1122کو نظر انداز کیا،تمام مخالفتوں کے باوجود پچھلی حکومتیں بھی اس سروس کو ختم نہ کر سکیں۔اکتوبر2004ء میں جو بیج بویا تھا آج تن آور درخت بن چکاہے، ریسکیو سروس کی قیادت کیلئے ڈاکٹر رضوان نصیرکو میں نے ہی منتخب کیا تھا، اس سے نہ صرف پنجاب بلکہ دوسرے صوبے بھی مستفید ہورہے ہیں۔اسے قائم رکھنے کیلئے ایمرجنسی سروس ایکٹ پنجاب اسمبلی سے متفقہ طور پر منظور کروایا، 17 سال پہلے مجھے بھی ایک ایسی ہی ایمرجنسی کا سامنا کرنا پڑا جس پر میں نے بے بسی محسوس کی۔
 چوہدری پرویز الہی نے بتایا کہ جو اکیڈمی ہم نے پنجاب کے ریسکیورز کی پیشہ وارانہ تربیت کیلئے بنائی تھی اس نے صرف ملک بھر کے 20 ہزار سے زائد ایمرجنسی پروفیشنلز کو تربیت دی۔ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کی پاکستان ریسکیو ٹیم نے اقوام متحدہ سے جنوبی ایشیاء کی پہلی سرٹیفائیڈ ڈیزاسٹر رسپانس ٹیم بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا جو ہر پاکستانی کیلئے اعزاز اور فخر کا مقام ہے، میں پاکستان ریسکیو ٹیم اور ہر ایک ممبر کواقوام متحدہ سے سرٹیفکیشن حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ریسکیو سروس ایمرجنسی سروسز ترمیمی ایکٹ 2021ء پاس کروایاجس کی بدولت ریسکیورز کی سروس سٹرکچر کی دیرینہ خواہش کو پورا کیا گیا۔ آرمی کے شہید جوانوں کو جو سہولیات فراہم کی جاتی ہیں ریسکیو 1122کے شہیدوں کو بھی فراہم کی جائیں اس کیلئے ایکٹ میں ترمیم کریں گے۔ بڑی بلڈنگوں میں ریسکیو کیلئے انتظامات کو یقینی بنانا ایکٹ میں شامل کریں گے۔ الحمدللہ ریسکیو سروس اب تک 99لاکھ سے زائدایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو کر چکی۔فائر ریسکیو سروس نے ایک لاکھ70ہزار سے زائد آگ کے سانحات میں 511ارب روپے کے ممکنہ نقصانات کو بروقت ریسپانس سے بچایا۔لاہور ریسکیو سروس کی کامیابی کے بعد ہم نے تمام بڑے شہروں تک اس کا دائرہ کار وسیع کر دیا۔میں جب بھی ریسکیو 1122کی کسی بھی ایمرجنسی وہیکل کو دیکھتا ہوں تو میرا دل سکون اور اطمینان محسوس کرتا ہے،میں اللہ تعالیٰ کا ہزار بار شکر ادا کرتا ہوں کہ یہ کام اللہ نے مجھ سے کروایا، میرے حلقہ اثر میں ہزاروں لوگ ایسے ہیں جو ریسکیو سروس کی کارکردگی اوران کے بروقت پہنچنے کی تعریف کرتے ہیں۔

 اس موقع پر  ڈائریکٹر جنرل 1122    ڈاکٹر نصیر رضوان نے کہا کہ 17 سال پہلے دکھی انسانیت کیلئے چودھری پرویز الٰہی نے جو ذمہ داری سونپی تھی اسے بخوبی نبھانے کی کوشش کی ہے،ریسکیو 1122 کو سروس سٹرکچر فراہم کر نے میں چودھری پرویز الٰہی اور محمدخان بھٹی نے اہم کردار ادا کیا۔تمام ریسکیو 1122 اہلکار چودھری پرویز الٰہی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔تقریب میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، ڈی جی پارلیمانی امور عنایت اللہ لک، جی ایم سکندر، سابق سیکرٹری ہیلتھ سہیل احمد اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

مزیدخبریں