(عابد چوہدری،فہد علی)مانگا منڈی میں کیٹل فارم ہاؤس میں سیکیورٹی گارڈ نے ساتھی سیکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مانگا منڈی کے علاقے ملتان روڑ پر واقع کیٹل فارم ہاؤس میں پچیس سالہ عادل کو سیکیورٹی گارڈ نصیر نے فائرنگ کر کے قتل کیا، ملزم اور مقتول دونوں پشاور کے رہائشی تھے۔ واقعے کے بعد ملزم نصیب موقع سے فرار ہو گیا، پولیس کی طرف سے شواہد اکٹھے کر کے کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ مقتول عادل کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب نواب ٹاؤن تھانے کی حدود سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، شناخت نہ ہونے پر پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کردی ۔پولیس کے مطابق انہیں اطلاع ملی کہ نواب ٹاؤن کے علاقے میں فٹ پاتھ سے نامعلوم شخص کی لاش ملی ہے۔
پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کئے اور لاش کو تحویل میں لے لیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ متوفی مین روڈ کے ساتھ فٹ پاتھ پر مردہ حالت میں پایا گیا،متوفی کے جسم پر کسی قسم کے تشدد کے نشانات نہیں پائے گئے، عمر اندازاً تیس سے پینتیس سال معلوم ہوتی ہے ،شناخت نہ ہونے پر لاش مردہ خانے منتقل کردی گئی ہے ،موت کی وجوہات کا تعین پوسٹمارٹم رپورٹ میں کیا جائے گا۔