(حافظ شہباز علی) پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے چارٹر طیارے سے دبئی روانہ ہوگئی، کپتان بابراعظم نے قوم سے ٹیم کی کامیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کردی۔
ورلڈ کپ ٹی 20 میں 2009 کی تاریخ دہرانے کا عزم لیے بابراعظم کی قیادت میں شاہینوں کا اسکواڈ لاہور سے دبئی چلا گیا،قومی ٹیم کو سخت سیکیورٹی میں لاہور ایئرپورٹ پہنچایا گیا، تمام اسکواڈ ممبران کی ریپڈ کوویڈ ٹیسٹنگ کی گئی، تمام ممبران کی رپورٹس منفی آئیں، قومی ٹیم خصوصی طیارے کے ذریعے دبئی روانہ ہوئی، اسکواڈ دبئی پہنچ کر ایک روز قرنطینہ کرے گا، جس کے بعد شاہینوں کو ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔
ٹیم کی روانگی سے قبل کپتان بابر اعظم نے اپنے ٹویٹر پیغام میں قوم سے ٹیم کی کامیابی کے لیے دعا کی اپیل کی، بابر اعظم نے کہا کہ قوم دعا کرے ہم اچھا پرفارم کریں۔
Off to UAE. Your support means more than anything. Stand by your team. Keep supporting. Keep praying. Keep believing. #PakistanZindabad ???????? pic.twitter.com/Venlgoz2EV
— Babar Azam (@babarazam258) October 15, 2021
شیڈول کے مطابق 24 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم دبئی میں کھیلا جائے گا، 26 اکتوبر کو پاکستان اپنا دوسرا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گا، 29 اکتوبر کو پاکستان کا مقابلہ افغانستان کی ٹیم سے دبئی میں ہوگا۔
شیڈول کے مطابق 2 نومبر کو پاکستان کا مقابلہ اے ٹو آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ شیخ زید انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ابوظہبی میں ہوگا، 7 نومبر کو پاکستان کا مقابلہ بی ون آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ بمقام شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم ہوگا، 10 نومبر کو پہلا سیمی فائنل ابوظہبی اور 11 نومبر دوسرا سیمی فائنل انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم دبئی میں کھیلا جائے گا، 14 نومبر کو فائنل دبئی میں کھیلا جائیگا ۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں بھارت کے خلاف جیت حاصل کر کے میگا ایونٹ میں مومنٹم برقرار رکھیں گے اور ورلڈ کپ جیتیں گے۔