ارسلان شیخ : ٹویوٹا نے طویل انتظار کے بعد اپنی مقبول ترین آف روڈ مشین'' لیکسس ایل ایکس 600'' کی عالم گیر لانچنگ کا اعلان کردیا۔
رپورٹ کے مطابق لینڈ کروزر کے مقبول ترین ماڈل 2022 آف روڈ مشین'' لیکسس ایل ایکس 600'' کی دلکش پہلی جھلک ہی نے گاڑیوں کے شوقین حضرات کو اپنا دیوانہ بنا لیا ہے۔ 22 انچ کے ایف اسپورٹس وہیلز اور ٹی این جی اے ایف پلیٹ فارم کی پائیدار مضبوطی لئے لیکسس کا بظاہرکوئی توڑ نہیں۔ یاد رہے ٹویوٹا ''ٹنڈرا'' میں بھی ٹی این جی اے ایف پلیٹ فارم استعمال ہوا ہے۔ '' لیکسس ایل ایکس 600'' کے جھلملاتے فینڈرز، کھڑکیوں کے نسبتا موٹے پلرز اور اس کے گرد کروم کی پٹی اور وسیع منظر پیش کرنے والے سائیڈ ویو مررز پر نظر پڑتے ہی جم جاتی ہے۔
اگلی اور پچھلی کشادہ نظر آنے والی ونڈ اسکرینز کے سامنے تاحد نظر آنکھوں کو کوئی رکاوٹ نہیں نظر آتی۔ پچھلی ٹیل لائٹس مکمل ایل ای ڈی ہیں۔ لیکسس ایل ایکس 600'' کا انٹریئر بھی خاصے کی چیز ہے دو ایل ای ڈی ٹچ اسکرینز ایک فرنٹ پر اور ایک پیچھے جن کے ذریعے متعدد فنکشنز کنٹرول کئے جاسکتے ہیں۔ ڈیش بورڈ کاسمارٹ ڈیزائن کنسول اجلا اور خوبصورت ہے۔ تین رویہ جسم کی ساخت کے مطابق ایڈجسٹ ہونے والی نشستیں الٹرا لگژری کوالٹی کی حامل ہیں جن میں ٹھنڈا گرم ہونےسے لے کر مساج تک کی سہولت موجود ۔
خودکار کلائمیٹ کنٹرول کے ساتھ کار فرج بھی نصب ہے۔ چھوٹی موٹی سہولتوں کا تو شمار ہی نہیں۔ جیسے کہ لین ڈیپارچر وارننگ، آٹومیٹک ہیڈ لائٹس، اڈاپٹو کروزکنٹرول، آمنے سامنے کی ٹکر سے بچنے کی وارننگ، لین کیپ اسسٹ، روڈ سائن اسسٹ، کرال کنٹرول، ہل ڈیسنٹ کنٹرول، ہل اسٹارٹ اسسٹ، ملٹی ٹیرین اسسٹ، ملٹی ٹیرین مانیٹر(فرنٹ پر نصب خودکارکیمرہ ڈرائیور کو رکاوٹوں سے آگاہ کرتا ہے)۔ اب آجائیے انجن کی جانب ، تو '' ایل ایکس 600'' میں 3.5 لٹر کا ٹوئن ٹربو چارجڈ وی 6 409 ہارس پاور کاطاقتور، ماحول دوست اور باکفایت پٹرول انجن ہے جو 650 نیوٹن کا ٹارک پیدا کرنے کااہل ہے۔ 10سپیڈ آٹومیٹک گئیر ٹرانسمشن، آل ٹائم فوروہیل ڈرائیو نے خوبصورتی اور مضبوطی دونوں کو اکٹھا کردیا ہے۔
فی الحال '' ایل ایکس 600'' کو2022 میں شمالی امریکا میں فروخت کے لئے دستیاب ہوگی۔ جس کی ممکنہ سٹارٹنگ پرائس 90 ہزار ڈالر( ایک کروڑ53 لاکھ پاکستان روپے) علاوہ ٹیکسز ہوگی ۔