رضوان نقوی: اینٹی کرپشن پنجاب کا قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن، کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری زمینیں واگزار کروا کر متعلقہ محکموں کے حوالے کردیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی اینٹی کرپشن محمد گوہر نفیس کی ہدایت پر صوبہ بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اینٹی کرپشن پنجاب نے ساہیوال اور ڈی جی خان ریجن سے 1313 کنال 5مرلہ سرکاری زمین واگزار کرا لی، اینٹی کرپشن حکام کے مطابق واگزار کرائی گئی زمین کی مالیت 26 کروڑ 94 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ساہیوال اشفاق رحمان خان نے دیپالپور کے علاقے موضع بخشے والا سے گیارہ کروڑ چھہتر لاکھ روپے مالیت کی 377کنال زمین واگزار کروالی، دیپالپور کے علاقےموضع وڈیلا جاگیر سے اینٹی کرپشن نے ایک کروڑ مالیت کی چالیس کنال زرعی اراضی واگزار کرائی۔
جبکہ غیر قانونی قابض احمد یار سے اینٹی کرپشن ساہیوال نے ایک کروڑ انتیس لاکھ مالیت کی چھیاسی کنال زمین واگزار کروالی، اینٹی کرپشن ملتان نے ڈائریکٹر حیدر عباس وٹو کی نگرانی میں لودھراں کی تحصیل کروڑ پکا سے دس کروڑ تینتیس لاکھ سے زائد مالیت کی 613 کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی۔
اینٹی کرپشن ڈی جی خان نے راجن پور کے علاقے موضع کوٹلہ احمد سے دو کروڑ چھپن لاکھ مالیت کی 200کنال سرکاری اراضی واگزار کرائی۔ واگزار شدہ تمام اراضی محکمہ مال کی موجودگی میں متعلقہ محکمہ کے حوالے کر دی گئی۔ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔