اکمل سومرو: ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا ایم فل سکالرز کے لئے بڑا ریلیف، ایم فل ڈگری مکمل کرنے کی مدت ختم ہونے کے بعد طلباء کو ایک سال میں اپنی ڈگریاں مکمل کرنے کی مہلت دے دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ایم فل سکالرز کو کورونا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایچ ای سی کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلے کے مطابق بہار 2020ء میں ایم فل ڈگریاں مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن میں ایک سال کی توسیع کر دی گئی ہے۔
ایچ ای سی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث تعلیمی سرگرمیاں معطل ہونے کی بناء پر ایک سال کی مدت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ایم فل ڈگری کیلئے مقررہ وقت میں ایک سال کی توسیع کا اطلاق صرف رواں سال ہوگا۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے وائس چانسلرز کے نام مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ کمیشن کی جانب سے یونیورسٹییز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ایم فل سکالرز کی ڈگریاں اب مقررہ وقت میں مکمل کرائیں۔
دوسری جانب محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے لاہور سمیت صوبے کی سرکاری یونیورسٹیوں کیلئے یونیفارم قوانین مرتب کرنے کے بعد نافذ کر رہے ہیں۔ یونیورسٹی میں خزانچی، رجسٹرار اور کنٹرولر امتحانات کی تقرری کیلئے یکساں قانون لاگو کیا گیا ہے۔ محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے یکساں قوانین مرتب کر کے تیرہ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو ارسال کر دیے ہیں۔
یونیورسٹییز کو محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے تیار کردہ قوانین کو سنڈیکیٹ سے ہنگامی بنیادوں پر پاس کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وائس چانسلرز کو سات روز میں سنڈیکیٹ سے نئے قوانین منظور کرانے کے بعد محکمہ کو رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔