موسم سرما کیلئےسرکاری سکولوں کے نئے اوقات کار جاری

15 Oct, 2020 | 11:22 AM

Sughra Afzal
Read more!

(جنید ریاض) طلبا کیلئے اہم خبر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے موسم سرما کیلئے سکولوں کے نئے اوقات کار جاری کردیئے، نئے اوقات کار کا اطلاق آج سے ہوگا۔

ایجوکیشن اتھارٹی کے مطابق لاہور سرکاری سکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کردی گئی ہے، گرلز سکولز ساڑھے آٹھ بجے لگیں گے، اڑھائی بجے دوپہر چھٹی ہوگی جبکہ بوائز سکولز نو بجے لگا کریں گے، چھٹی دوپہر تین بجے ہوا کرے گی، جمعہ کے روز گرلز سکولز میں ساڑھے بارہ بجے چھٹی ہوگی جبکہ جمعہ کے روز بوائز سکولز میں چھٹی دوپہر ایک بجے ہوا کرے گی۔موسم سرما کے نئے اوقات کار کا اطلاق 16 اکتوبر سے ہوگا، سکول کے اوقات کار میں فرق ٹریفک کے بہاؤ کو کم کرنے کیلئے رکھا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے بھی موسم تبدیل ہوتے ہی خصوصی بچوں کیلئے سکولز کے اوقات کار تبدیل کردیئے، خصوصی بچوں کے سکول صبح ساڑھے آٹھ بجے لگا کریں گے چھٹی ڈیڑھ بجے ہوا کرے گی۔

دوسری جانب  سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے جعلی ڈگریوں کی بنیاد پر بھرتی اساتذہ کا گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا، ڈائریکٹرپبلک انسٹریکشن ایلمنٹری نے ایجوکیشن اتھارٹیز سے 1988 سے 2019 تک اساتذہ کی بھرتیوں کا ریکارڈ طلب کرلیا ۔

ذرائع کے مطابق لاہور کے ایکس ایم سی ایل کے سینکڑوں اساتذہ کے پاس ڈگریاں موجود نہیں، میونسپل اساتذہ کو میئر کی سفارش کی بنیاد پر نوکریوں پر بھرتی کیا گیا تھا، ڈی پی آئی سکینڈری نے اتھارٹی سے بھرتیوں کا تمام محکمانہ ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔

مراسلے میں اتھارٹیز سے کہا گیا ہے کہ میرٹ لسٹ ،اپوائٹمنٹ لیٹر ،جوائنگ لیٹر اورمنٹس آف میٹنگ کا ریکارڈ بھی فراہم کیا جائے، ڈی پی آئی ایلمنٹری کیمطابق احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے پر متعلقہ اتھارٹیز کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

علاوہ ازیں محکمہ سکول ایجوکیشن نے محکمہ صحت کے تعاون سے مستحق طلبا کو صحت کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا، صحت کارڈ بننے کے بعد طلبا لاہور کے 25 ہسپتالوں سے مفت علاج کراسکیں گے، محکمہ سکول ایجوکیشن نے بچوں کے صحت کارڈ بنانے کے حوالے سے سکول سربراہان کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔

مزیدخبریں