(عمراسلم ، عرفان ملک، راؤ دلشاد) مریم نوازکے جلوس کا شہر میں داخلہ بند کر دیا، جاتی امرا کوکنٹینر لگا کر سیل کر دیا گیاجبکہ لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے بھی مارنے شرو ع کردیے گئے۔
لیگی رہنماؤں کی عدم موجودگی پر پولیس واپس چلی گئی، جبکہ گرفتار لیگی کارکن ملک نواز اور محمد صدیق کو پولیس سے رہا کروا لیا گیا۔سابق چیئرمین یوسی دو شیخ کاشف کے گھر بھی پولیس ریڈ ہوئی۔ مریم نواز رنگ روڈ موٹر وے کا راستہ استعمال کرسکیں گی۔ ضلعی انتظامیہ نے اپوزیشن کی اہم رہنما کی نقل و حرکت محدود کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی ۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز کو بذریعہ موٹروے گوجرانوالہ جلسے میں شرکت کی اجازت دی جائیگی ۔ جاتی امراء کے اطراف کنٹینرزلگادیے گئے۔ ذرائع کے مطابق ریلی کی صورت میں شہر سے کسی کو نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
دریں اثناء حکومت نے مسلم لیگ ن کے 480 سے زائد رہنمائوں اورکارکنان کی فہرست تیار کرلی گئی، لسٹ میں شہر کی تمام لیگی ارکان قومی و صوبائی اسمبلی و ٹکٹ ہولڈرز کے نام شامل کیے گئے ہیں، ملک ریاض ایم پی اے غزالی سلیم بٹ، کرنل (ر) طارق، میاں مرغوب احمد، رمضان صدیق بھٹی، اختر حسین سابق ایم پی اے حافظ میاں نعمان، لیگی رہنما فیصل سیف کھوکھر، میاں عمران جاوید ملک فرقان غیاث ،پرویزملک، شائستہ پرویز، خواجہ عمران نذیر، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان وحید عالم خان اور رانا مبشر اقبال شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جلسے کے متعلق پالیسی پر عملدرآمد کروانے کیلئے چیف سیکرٹری اور سی سی پی او سمیت ضلعی انتظامیہ کا گزشتہ رات اجلاس ہوا جس کے بعد پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو ٹاسک دیئے گئے۔ جاتی امرا کو سیل کرنا، سرگرم کارکنوں اور رہنماوں کی گرفتاریاں کرنا پولیس کی ذمہ داریوں میں شامل جبکہ سیکرٹری آر ٹی کو پبلک ٹرانسپورٹ کو کنٹرول کرنا اور ضلعی انتظامیہ کو بینرز ہٹانے کی ذمہ داریاں دی گئیں۔ ایس ایچ اوز کو بھی کارکنوں اور کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کا ٹاسک دیا گیا۔
مسلم لیگ( ن) کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے نہ صرف ان اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا اگر کارکنان اور رہنماوں کو گرفتار کیا گیا تو پھر سولہ اکتوبر سے پہلے ہی ہر جگہ حکومت مخالف جلسے جلوس ہوں گے۔
ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے نائب صدر مریم نواز کی حکومتی کارروائیوں اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کنٹینروں کے پیچھے چھپ رہی ہے۔ کنٹینرز'' ووٹ کو عزت دو'' کی تحریک روک نہیں سکتے۔ 16 اکتوبر کو ہر حال میں گوجرانوالہ میں جلسہ ہو گا۔حکومت پولیس گردی کرے یاکنٹینر گردی، 16 اکتوبر کا جلسہ ہر حال میں ہوگا۔