خوارجی فتنہ گلوبل خطرہ ہے، جنرل عاصم منیر

15 Nov, 2024 | 05:27 PM

Waseem Azmet

سٹی42:  چیف آف آرمی سٹاف  جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ فتنۃ الخوارج دنیا کی تمام دہشت گرد تنظیموں اور پراکسیز کی   آماجگاہ ہے۔  دہشتگرد ی عالمی سطح پر تمام انسانیت کے لئے ایک مشترکہ چیلنج ہے۔  دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔  ہماری مغربی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لئے ایک جامع بارڈر مینجمنٹ رجیم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ 2024ء میں  جنرل سید عاصم منیر  نے ’’امن اور استحکام میں پاکستان کا کردار‘‘ پر گفتگو  کے دوران یہ باتیں کہیں۔ اپنے لیکچر میں  پاکستان آرمی کے سربراہ نے علاقائی ہم آہنگی اور بین الاقوامی امن کو آگے بڑھانے میں نمایاں کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔

 مارگلہ ڈائیلاگ 2024ء کا اہتمام اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی پی آر آئی) کی جانب سے کیا گیا تھا۔

جنرل عاصم منیر نے  کہا کہ حالیہ برسوں میں دنیا کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے جن میں غلط اور گمراہ کُن معلومات کا تیزی سے پھیلاؤ ایک اہم چیلنج ہے۔ دُنیا میں کئی تبدیلیوں کے پیش ِ نظر غیر ریاستی عناصر کا اثر و رسوخ بڑھ جانا بھی ایک اہم چیلنج ہے۔

 انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر  معیشت ، افواج اور ٹیکنالوجی میں  بے تحاشا تبدیلیاں ہو رہی ہیں۔ پُرتشدد غیر ریاستی عناصر اور ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی عالمی سطح  پر  ایک بڑا چیلنج بن چکے ہیں۔ 

ٹیکنالوجی نے جہاں معلومات کے پھیلاؤ میں اہم کردار ادا کیا ہے وہاں گمراہ کن اور غلط معلومات کا پھیلاؤ ایک اہم چیلنج ہے.

 جامع قوانین اور قواعد و ضوابط کے بغیر غلط اور گمراہ کن معلومات اور نفرت انگیز بیانات سیاسی اورسماجی ڈھانچے کو غیر مستحکم کرتے رہیں گے قوا عد وضوابط کے بغیر آزادی اظہار رائے تمام معاشروں میں اخلاقی قدروں کی تنزلی کا باعث بن رہی ہے عالمی سطح پر مذہبی، فرقہ وارانہ اور نسلی بنیادوں پر عدم مساوات، عدم برداشت اور تقسیم بڑھ رہی ہے.

 ہمارے مشترکہ مقاصد میں موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنا، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور عالمی صحت کی فراہمی جیسے اہم چیلنجز شامل ہیں.   پاکستان دنیا میں اور اپنے خطے میں امن اور استحکام کے لئے اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے.

جنرل عاصم منیر نے کہا،  دہشتگرد ی عالمی سطح پر تمام انسانیت کے لئے ایک مشترکہ چیلنج ہے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔  ہماری مغربی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لئے ایک جامع بارڈر مینجمنٹ رجیم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے

جنرل عاصم منیر نے کہا، پاکستان  کی لگ بھگ 63فیصد  آبادی 30سال سے کم عمر ہے ۔ پاکستان بے پناہ قدرتی وسائل سے  مالا  مال  ہے۔ پاکستان دنیا میں زراعت کی پیداوار کے حوالے سے ایک  بڑا ملک بن کر ابھرا ہے ۔ پاکستان میں نادر معدنیات کے بڑے ذخائر موجود ہیں۔ پاکستان فری لانسنگ کی مد میں  عالمی سطح پر ایک اہم  ملک  ہے ۔  پاکستان  ان تمام ذخائر ،منفرد جغرافیائی  مقام اور سمندری بندرگاہ کی وجہ سے یورپ ، سینٹرل ایشیا اور مڈل ایسٹ میں تجارت   کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ پاکستان خطے اور عالمی امن کے لیے اپنا مثبت  کردار ہمیشہ ادا کرتا رہے گا۔

مزیدخبریں